شیخ رشید کا کرونا ٹیسٹ مثبت
پاکستان کے وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔
ترجمان وزارتِ ریلوے کے مطابق شیخ رشید کو بظاہر کرونا کی کوئی علامات نہیں ہیں اس کے باوجود انہوں نے خود کو آئسولیٹ کر لیا ہے۔
ترجمان کے مطابق شیخ رشید ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق دو ہفتے آئسولیشن میں رہیں گے۔
جسٹس فائز عیسیٰ کیس کی سماعت کرنے والے ایک جج میں کرونا کی تصدیق
سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسٰی کیس کی سماعت کرنے والے بینچ میں شامل ایک جج میں کرونا وائرس کی تصدیق ہئی ہے۔
جج میں کرونا کی تشخیص کے بعد کیس کی سماعت گیارہ جون تک کے لیے ملتوی کر دی گئی ہے۔
سپریم کورٹ کے ریڈر کے مطابق کرونا وائرس کے شکار ہونے والے جج کا 48 گھنٹوں میں دوبارہ ٹیسٹ کرایا جائے گا۔
دنیا بھر میں کیسز کی تعداد 70 لاکھ، 4 لاکھ افراد ہلاک
امریکہ کی 'جانز ہاپکنز یونیورسٹی' کے کرونا وائرس ریسرچ سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 403000 تک پہنچ گئی ہے جب کہ تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 70 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔
امریکہ کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی حوالے سے بدستور دنیا بھر میں سب سے آگے ہے جب کہ برطانیہ، برازیل اور اٹلی بالترتیب دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔
کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز بھی سب سے زیادہ امریکہ میں ہیں جن کی تعداد 20 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔ کیسز کی تعداد کے حوالے سے دوسرے نمبر پر برازیل، تیسرے نمبر پر روس اور چوتھے نمبر پر برطانیہ ہیں۔
افغانستان میں ہلاکتوں کی تعداد 369 ہو گئی ہے
افغانستان کی وزارت صحt نے پیر کو ملک میں کرونا وائرس کے 575 نئے کیسز کی تصدیق کی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد 20917 ہو گئی ہے۔
وزارت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس سے 12 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 369 ہو گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ وائرس سے متاثر ہونے والے 2171 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔