رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

19:56 8.6.2020

پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار ایک فی صد تک سکڑنے کا خدشہ

عالمی بینک نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ آئندہ مالی سال میں پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار ایک فی صد تک سکڑنے کا خدشہ ہے۔

اس سے قبل عالمی بینک نے پیش گوئی کی تھی کہ پاکستان میں معیشت کی ترقی کی شرح تین فی صد رہے گی لیکن حالیہ پیش گوئی کے مطابق اس شرح میں مزید ایک فی صد کمی ظاہر کی گئی ہے۔

عالمی بینک کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اس سال قومی معیشت میں سکڑاؤ دیکھا گیا اور معاشی ترقی کی حقیقی رفتار محض 2.1 فی صد دیکھی جا رہی ہے۔

پاکستان کی قومی اکاؤنٹس کمیٹی میں پیش کیے گئے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں سال معیشت میں 0.38 فی صد کا سکڑاؤ دیکھا جا رہا ہے۔ جس کی بنیادی وجہ سروس سیکٹر میں آنے والا بڑا سکڑاؤ ہے۔

مزید جانیے

21:03 8.6.2020

خیبر پختونخواہ میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی

خیبرپختونخوا میں کرونا وائرس کیسز میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے ۔ محکمہ صحت کے سوموار کی شام جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ایک ہی دن میں مزید 519 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق صوبے میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 14 ہزارسے بڑھ گئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید 12 اموات ہوئیں، جس سے مجموعی تعداد587 ہوگئی ہے۔

خیبر پختونخوا میں کرونا وائرس سے متاثرہ 3 ہزار 579 متاثرہ مریض اب تک صحت یاب ہوچکے ہیں۔

پشاور شہر میں کرونا وائرس سے 5 ہزار 99 افراد متاثرہے جب کہ وائرس سے 311 اموات ہو چکی ہیں۔

03:17 9.6.2020

عراق میں ایک طرف داعش، دوسری جانب کرونا وائرس

عراق میں ایک طرف کرونا وائرس لوگوں کی جانیں لے رہا ہے تو دوسری طرف ملک کے بعض حصوں میں داعش کی سرگرمیاں زور پکڑتی جا رہی ہیں۔ عراقی عوام چاروں طرف سے گھرے ہوئے ہیں۔

حال ہی میں اسلامی عسکریت پسند تنظیم نے عراق کے بعض حصوں میں خونریز کارروائیاں کی ہیں۔ اور بہت سے عراقی سمجھتے ہیں کہ کرونا وائرس کے مقابلے میں داعش زیادہ مہلک ہے۔ خاص طور سے شمالی عراق داعش کی زد میں ہے۔

عراق میں کرونا وائرس کا پہلا کیس فروری میں ہوا تھا۔ عراقی وزارت صحت کے مطابق کرکک، دیالہ، صلاح الدین اور نینوا صوبوں میں اس وائرس کے ہاتھوں 13 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جب کہ انہیں علاقوں میں داعش کے ہاتھوں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 50 تک پہنچ چکی ہے۔

جمعہ کو عراق کی وزارت صحت نے اعلان کیا کہ اس وقت پورے ملک میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دس ہزار کے قریب ہے۔ دارالحکومت بغداد میں سب سے زیادہ کیسیز ہیں۔ ملک کے اکثر حصوں میں لاک ڈاون ہے۔

ایک طرف کرونا وائرس کی وجہ سے لوگ اپنے گھروں میں بند ہیں تو دوسری طرف داعش کے حملوں کا خوف لوگوں کی نقل و حرکت کو محدود کیے ہوئے ہے۔ کرکک کے ایک صحافی عزیز شکر کہتے ہیں کہ صرف دوپہر کو لوگ ضرورت کا سامان خریدنے کے لیے باہر نکلتے ہیں۔ باقی رات کو کرفیو لگ جاتا ہے۔

مزید پڑھیے

03:20 9.6.2020

پاکستان کے 69 ارکان اسمبلی کرونا وائرس میں مبتلا

پاکستان میں کرونا وائرس کس تیزی سے پھیل رہا ہے، اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ قانون ساز ایوانوں کے اب تک 69 ارکان اس میں مبتلا ہو چکے ہیں جب کہ انتقال کرنے والے موجودہ اور سابق ارکان کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے۔

اللہ یار انصاری کسی ایوان سے تعلق رکھنے والے پہلے رہنما تھے جو کرونا وائرس سے ہلاک ہوئے۔ وہ پنجاب اسمبلی کے سابق رکن تھے اور ان کا انتقال یکم مئی کو ہوا تھا۔ 20 مئی کو موجودہ پنجاب اسمبلی کی رکن شاہین رضا چیمہ اور بلوچستان اسمبلی کے رکن سید فضل آغا چل بسے۔

2 جون کو سندھ کے وزیر کچی آبادی غلام مرتضیٰ بلوچ اور قومی اسمبلی کے رکن منیر اورکزئی دم توڑ گئے۔ منیر اورکزئی کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ کرونا وائرس سے صحت یاب ہو گئے تھے اور ان کی موت کا سبب دل کا دورہ تھا۔ اگلے دن یعنی 3 جون کو خیبر پختوبخوا اسمبلی کے رکن میاں جمشید الدین کاکاخیل اور پنجاب اسمبلی کے رکن شوکت منظور چیمہ کا انتقال ہو گیا۔ پیر کو کرونا وائرس نے بلوچستان کے سابق وزیر در محمد ناصر کی جان لے لی۔

سینیٹ کے چار ارکان وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں جن میں جمعیت علمائے اسلام کے مولانا عطا الرحمان، پی ٹی آئی کے فدا محمد، فاٹا کے آزاد رکن مرزا محمد آفریدی اور پیپلز پارٹی کے مولا بخش چانڈیو شامل ہیں۔

مزید پڑھیے

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG