- By مبشر علی زیدی
پاکستان کے 69 ارکان اسمبلی کرونا وائرس میں مبتلا
پاکستان میں کرونا وائرس کس تیزی سے پھیل رہا ہے، اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ قانون ساز ایوانوں کے اب تک 69 ارکان اس میں مبتلا ہو چکے ہیں جب کہ انتقال کرنے والے موجودہ اور سابق ارکان کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے۔
اللہ یار انصاری کسی ایوان سے تعلق رکھنے والے پہلے رہنما تھے جو کرونا وائرس سے ہلاک ہوئے۔ وہ پنجاب اسمبلی کے سابق رکن تھے اور ان کا انتقال یکم مئی کو ہوا تھا۔ 20 مئی کو موجودہ پنجاب اسمبلی کی رکن شاہین رضا چیمہ اور بلوچستان اسمبلی کے رکن سید فضل آغا چل بسے۔
2 جون کو سندھ کے وزیر کچی آبادی غلام مرتضیٰ بلوچ اور قومی اسمبلی کے رکن منیر اورکزئی دم توڑ گئے۔ منیر اورکزئی کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ کرونا وائرس سے صحت یاب ہو گئے تھے اور ان کی موت کا سبب دل کا دورہ تھا۔ اگلے دن یعنی 3 جون کو خیبر پختوبخوا اسمبلی کے رکن میاں جمشید الدین کاکاخیل اور پنجاب اسمبلی کے رکن شوکت منظور چیمہ کا انتقال ہو گیا۔ پیر کو کرونا وائرس نے بلوچستان کے سابق وزیر در محمد ناصر کی جان لے لی۔
سینیٹ کے چار ارکان وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں جن میں جمعیت علمائے اسلام کے مولانا عطا الرحمان، پی ٹی آئی کے فدا محمد، فاٹا کے آزاد رکن مرزا محمد آفریدی اور پیپلز پارٹی کے مولا بخش چانڈیو شامل ہیں۔
پاکستان میں ریکارڈ اموات
پاکستان میں ایک روز کے دوران کرونا وائرس سے 105 اموات ہوئی ہیں جو ایک روز کے دوران اب تک ہونے والی اموات کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 4646 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ اس طرح ملک بھر میں وبا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ آٹھ ہزار 144 تک پہنچ گئی ہے جن میں سے 35 ہزار 18 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 24 ہزار 620 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جب کہ ملک بھر میں ٹیسٹوں کی تعداد سات لاکھ 30 ہزار 453 ہو گئی ہے۔
کرونا ٹیسٹ منفی آنے پر ویسٹ انڈین کھلاڑی انگلینڈ کے لیے روانہ
ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ روانہ ہو گئی ہے۔
کرونا وائرس کے باعث لگ بھگ تین ماہ بعد کرکٹ کی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہونے جا رہی ہیں اس وجہ سے ویسٹ انڈیز کے دورۂ انگلینڈ کو تاریخی قرار دیا جا رہا ہے۔
کرکٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہو گا کہ کوئی سیریز بائیو سیکیور ماحول میں کھیلی جائے گی۔ یعنی تمام میچز تماشائیوں کے بغیر ہوں گے اور تمام کھلاڑی کرونا وائرس کی ایس او پیز پر عمل درآمد کے پابند ہوں گے۔
انگلینڈ روانگی سے قبل ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کا کرونا ٹیسٹ کیا گیا جو منفی آنے پر اُنہیں انگلینڈ کے دورے پر جانے کی اجازت دی گئی۔
پندرہ کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ مقامی وقت کے مطابق پیر کی شام چارٹرڈ طیارے کے ذریعے انگلینڈ کے سفر پر روانہ ہوا۔
ویسٹ انڈین ٹیم منگل کی صبح مانچسٹر پہنچے گی جس کے بعد تمام کھلاڑی اورلڈ ٹریفورڈ میں تین ہفتوں کے لیے قرنطینہ میں رہیں گے۔ اس دوران کھلاڑی پریکٹس بھی کریں گے۔
نیوزی لینڈ میں شاپنگ مالز، عوامی مقامات کھل گئے
نیوزی لینڈ میں لگ بھگ تین ماہ بعد سماجی دوری سمیت ہر قسم کی پابندیاں ختم ہو گئی ہیں۔ تمام کاروباری مراکز کھل گئے اور عوام کو بھی تقریبات منعقد کرنے کی اجازت ہے۔
نیوزی لینڈ میں صبح ہوتے ہی دکانیں کھلیں تو لوگوں نے ایک دوسرے کو گلے لگا کر مبارک باد دی۔ پابندیاں ختم ہونے کے پہلے روز لوگوں کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکلی اور اس دوران شاپنگ مالز، کیفیز، نائٹ کلب اور عوامی مقامات لوگوں سے بھر گئے۔
دارالحکومت ویلنگٹن میں شہری اسٹیو پرائس نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ سڑکوں پر کئی ماہ پر پہلی مرتبہ اتنے لوگوں کو دیکھ رہے ہیں۔ لوگ شاپنگ کر رہے ہیں، کھانا کھا رہے ہیں اور ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے واک کر رہے ہیں۔ یہ دیکھ کر بہت اچھا محسوس ہو رہا ہے۔
نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم جسینڈا آرڈرن نے پیر کو اعلان کیا تھا کہ اُن کا ملک کرونا وائرس سے پاک ہو چکا ہے اور ملک بھر میں عائد کردہ تمام پابندیاں اٹھائی جا رہی ہیں۔