رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

17:18 11.6.2020

افغانستان میں کرونا مریضوں کے لیے نئی پالیسی کا اعلان

افغانستان کی وزارتِ صحت نے کووڈ-19 کے لیے ایک نئی پالیسی کا اعلان کیا ہے جس کے تحت نجی اسپتالوں کو کرونا کے مریضوں کا علاج کرنے کی اجازت ہو گی۔ صحت کے وزیر ڈاکٹر احمد جواد عثمانی نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا ہے کہ کووڈ-19 کا مقابلہ کرنے کی نئی پالیسی ان کی وزارت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ 19 کی انفیکشن ہر افغان گھر میں پہنچ رہی ہے۔

وزارت کے مطابق افغانستان میں کرونا مریضوں کی کل تعداد 22890 ہو چکی ہے جبکہ اموات کی تعداد 426 ہے۔

افغانستان کے لئے عالمی ادارہ صحت کے نمائندے ڈاکٹر رک پیپرکون نے بتایا ہے کہ افغانستان میں کرونا کا مقابلہ کرنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر اب تک 70 ملین ڈالر فراہم کئے گئے ہیں اور امریکہ بھی مزید 70 ملئن ڈالر مہیا کرے گا۔

18:11 11.6.2020

بھارت: دہلی کی جامع مسجد 30 جون تک دوبارہ بند کرنے کا اعلان

بھارت کے دارالحکومت میں دہلی جامع مسجد کے امام مولانا سید احمد بخاری نے اعلان کیا ہے کہ جامع مسجد کو آج رات 8 بجے سے 30 جون تک کے لیے دوبارہ بند کیا جا رہا ہے۔

حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کرتے ہوئے تمام مذاہب کی عبادت گاہوں کو 8 جون سے کھولنے کی اجازت دی تھی۔ جامع مسجد میں بھی اسی دن سے بڑی تعداد میں نمازی آنا شروع ہو گئے تھے۔ لیکن سید احمد بخاری نے دہلی میں کرونا وائس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے مسجد دوبارہ بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ان کے مطابق لاک ڈاؤن کی طرح اب ایک بار پھر چند افراد ہی مسجد میں نماز ادا کریں گے۔

انہوں نے اس اعلان سے قبل علما اور نمازیوں سے اس سلسلے میں مشورہ کیا تھا۔ ان کے مطابق علما نے کہا تھا کہ انسانی جانوں کا تحفظ افضل ہے۔ اسی لیے جامع مسجد کو دوبارہ بند کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل سید احمد بخاری کے سیکریٹری امان اللہ کی کرونا وائرس کے باعث موت ہو گئی تھی۔ انہیں تین جون کو صفدر جنگ اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

احمد بخاری نے تمام چھوٹی مساجد کے ذمہ داروں سے کہا ہے کہ وہ بھی مسجدیں بند کرنے پر غور کریں۔

انہوں نے کہا کہ جب ہم نے رمضان اور عید کے موقع پر مسجدیں نہیں کھولیں تو اس صورت میں جب کہ کرونا کیسز بڑھ رہے ہیں انہیں کھولنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔

18:51 11.6.2020

'بھارت نے پاکستان کے سالانہ جی ڈی پی کے مساوی پیکج دیا'

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے بھارت کو مدد کی پیش کش کے جواب میں بھارت کی وزارت خارجہ کے ترجمان انوراگ سری واستو نے کہا ہے کہ اُن کے لیے بہتر ہوگا کہ وہ یاد رکھیں کہ بھارت نے کس قدر بہترین پیکج کا اعلان کیا ہے جو کہ پاکستان کی سالانہ قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے برابر ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ہم پاکستان کے قرضوں کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں اور یہ بھی جانتے ہیں کہ پاکستان قرضوں میں رعایت کے لیے کوشاں رہتا ہے۔

خیال رہے کہ عمران خان نے کہا تھا کہ پاکستان غریب گھرانوں تک امداد پہنچانے کے شفاف پروگرام کی تفصیلات بھارت کو فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

بھارت کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اپنے لوگوں کے بجائے بیرون ملک بینک اکاؤنٹس میں رقوم کی منتقلی کے لیے زیادہ شہرت رکھتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کو نئے مشیروں اور بہتر معلومات کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی حکومت کرونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن میں غریب خاندانوں کو 12 ہزار روپے ان کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کیے تھے۔

02:26 12.6.2020

پاکستان میں کرونا کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ، کیا سخت لاک ڈاؤن ہی واحد حل ہے؟

کراچی میں سخت گرمی کے باوجود آغا خان اسپتال کی پارکنگ میں لوگ چھ فٹ کے فاصلے سے قطار میں کھڑے دکھائی دیتے ہیں۔ یہ قطار کرونا وائرس کا ٹیسٹ کرانے والوں کی ہوتی ہے جن کے لیے پارکنگ میں ہی عارضی لیبارٹری بنائی گئی ہے۔

آغا خان اسپتال کی کار پارکنگ میں ایک شامیانے کے نیچے فاصلے سے کرسیاں رکھی گئی ہیں۔ یہاں کرونا وائرس ٹیسٹ کرانے کے لیے آنے والوں کو طویل انتظار کے بعد 7900 روپے کے عوض ٹیسٹنگ کا سامان مہیا کیا جاتا ہے۔

پھر کرونا کے مشتبہ مریض کی ساری تفصیلات، شناختی کارڈ نمبر اور رابطہ نمبر معلوم کر کے اسے ایک شیشے کے بوتھ کے سامنے بھیجا جاتا ہے۔ بوتھ میں ایک شخص موجود ہوتا ہے جو ایک باریک سی تار ناک میں داخل کر کے ٹیسٹ کے لیے نمونے لیتا ہے۔

پھر وہ تار ایک ڈبے میں بند کر کے کہا جاتا ہے کہ آپ کا ٹیسٹ ہو چکا ہے۔ لیکن یہ عمل اتنا آسان نہیں جتنا دیکھنے میں لگتا ہے۔ جو شخص اس ٹیسٹ سے گزرتا ہے، وہی اس کی تکلیف اور بعد کی اذیت بیان کر سکتا ہے۔

نجی اسپتالوں میں یہ ٹیسٹ مہنگا ہے۔ لیکن ٹیسٹ کرانے والوں کا رش بتا رہا ہے کہ کرونا کے پھیلاؤ کا معاملہ اب سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ حکومتی سطح پر کرونا ٹیسٹنگ کے لیے قائم ہیلپ لائن 1166 پر موصول ہونے والی ہزاروں کالز اور روزانہ ہزاروں ٹیسٹوں کے نتائج بھی یہ عندیہ دے رہے ہیں کہ آنے والا وقت کتنا مشکل ہو سکتا ہے۔

مزید پڑھیے

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG