خیبر پختونخوا: ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 21 ہزار سے زیادہ کارروائیاں
پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا میں کرونا وائرس کے سلسلے میں حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی پر 21 ہزار 274 کارروائیاں کی گئی ہیں۔
چیف سیکرٹری آفس سے جاری رپورٹ کے مطابق صوبے میں منگل کو کی جانے والی کارروائیوں کے دوران
کرونا کی احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی پر مختلف کاروباری افراد پر آٹھ لاکھ 45 ہزار 412 روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
اسی طرح حکومتی احکامات نظر انداز کرنے پر 263 دکانوں کو سیل کیا گیا ہے جب کہ پانچ ہزار 420 افراد کو وارننگز جاری کی گئی ہیں۔
'وائرس فری' نیوزی لینڈ میں دوبارہ کرونا کے کیسز سامنے آ گئے
نیوزی لینڈ میں دوبارہ کرونا وائرس کے دو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد کرونا سے نجات حاصل کرنے والے ملک میں دوبارہ احتیاطی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
نیوزی لینڈ نے کہا ہے کہ ڈیفینس فورس سرحدوں پر سختی کرے گی تاکہ کرونا وائرس کا کوئی بھی مشتبہ مریض قرنطینہ کے بغیر ملک میں داخل نہ ہو سکے۔
نیوزی لینڈ نے رواں ماہ اعلان کیا تھا کہ ملک میں کرونا کا اب کوئی مریض نہیں ہے اور نیوزی لینڈ کرونا وائرس فری ملک بن گیا ہے۔ تاہم منگل کو برطانیہ سے آنے والی دو خواتین میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جنہیں قرنطینہ میں پورا وقت گزارے بغیر نیوزی لینڈ میں داخلے کی اجازت دے دی گئی تھی۔
افغانستان: جون کے آخر تک بین الاقوامی پروازیں شروع ہونے کا امکان
افغانستان کی وزارت صحت نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس کے 564 نئے کیسز کی تصدیق کی ہے جس کے ساتھ ہی ملک میں وائرس کے مریضوں کی کل تعداد 26874 تک پہنچ گئی ہے۔
افغانستان میں وبا پھیلنے کے بعد سے اب تک 504 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ہوا بازی کے ماہرین کو توقع ہے کہ جون کے اختتام تک افغانستان سے بین الاقوامی پروازوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو جائے گا۔
اس وقت عالمی ادارہ خوراک کابل اور دوحہ کے درمیان امداد کی ترسیل کے لیے پروازوں کا استعمال کر رہا ہے۔
اقوام متحدہ کے زیر انتظام چلنے والی ان پروازوں کو اقوام متحدہ کا عملہ، غیر ملکی سفارت کار اور امدادی کارکن استعمال کر رہے ہیں۔
برازیل کے صدر کا تاجروں کو کاروبار شروع کرنے پر زور
برازیل کے صدر جائر بولسونارو نے ملک میں کرونا وائرس کی شدت کو نظر انداز کرتے ہوئے تاجروں کو کاروبار دوبارہ شروع کرنے پر زور دیا ہے۔
جائر بولسونارو کے چیف آف اسٹاف نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ ایک بحران کی کیفیت موجود ہے۔ لیکن اس بحران پر قابو پا لیا گیا ہے۔
کرونا وائرس کے باعث موت کا شکار ہونے والے افراد لے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں سے ہمدردی ہے۔
دوسری جانب برازیل کے محکمہ صحت کے حکام نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 34918 نئے کیسز سامنے آنے تصدیق کی ہے۔
برازیل میں وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد نو لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ اب یہ ملک کیسز کے اعتبار سے صرف امریکہ سے پیچھے ہے۔