بھارت میں 13 ہزار 500 سے زیادہ ریکارڈ کیسز
بھارت کی وزارتِ صحت کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو 13 ہزار 500 سے زائد ہیں۔
وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں جمعرات کو 13 ہزار 587 نئے مریض سامنے آئے اور 336 افراد کی کرونا سے موت ہوئی ہے۔ بھارت میں کرونا کے مجموعی کیسز کی تعداد تین لاکھ 80 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اور اموات کی تعداد 12 ہزار 573 ہو گئی ہے۔
بھارت میں اب تک دو لاکھ چار ہزار سے زائد افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ کرونا کے مریضوں کے ٹھیک ہونے کی شرح بھارت میں 53.79 فی صد ہے جو عالمی شرح سے کم ہے۔ عالمی شرح 55 فی صد ہے۔
دوسری جانب دہلی کے وزیرِ اعلیٰ اروند کیجری وال نے وزیرِ داخلہ امیت شاہ کے ساتھ جمعرات کو تیسری بار میٹنگ کی۔ اس ملاقات کے بعد امیت شاہ نے کہا کہ نئی دہلی اور اس کے مضافاتی اضلاع کو کرونا سے الگ الگ لڑنے کے بجائے ایک ساتھ مل کر لڑنا ہوگا۔
علاوہ ازیں بھارت کی آٹھ ریاستوں میں پارلیمنٹ کے ایوانِ بالا 'راجیہ سبھا' کی 19 نشستوں کے لیے آج ووٹنگ ہو رہی ہے۔ یہ انتخابات مارچ میں شیڈول تھے لیکن الیکشن کمیشن نے 'کووڈ 19' کی وجہ سے انہیں ملتوی کر دیا تھا۔
اس موقع پر تمام پولنگ اسٹیشنوں پر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولنگ سے قبل تمام مقامات کو سینیٹائز کیا گیا ہے اور پولنگ کے دوران جگہ جگہ ہینڈ سینیٹائزر بھی رکھے گئے ہیں۔ سماجی فاصلے اور دیگر ضابطوں کی بھی پابندی کی جا رہی ہے۔
ادھر کرونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر بھارتی شہر چنئی اور تین اضلاع میں 30 جون تک کے لیے دوبارہ لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے۔
'اسمارٹ لاک ڈاؤن' کے تحت کراچی کے کئی علاقے بند
بھارتی شہر چنئی میں ڈرون کیمرے سے شہریوں کی نگرانی
'یوگا' کے ذریعے کرونا وائرس سے بچا جا سکتا ہے: نریندر مودی
بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ یوگا، کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے قوتِ مدافعت بڑھانے میں میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
نریندر مودی نے یہ بات 'انٹرنیشنل یوگا ڈے' کے لیے یوٹیوب پر جاری کردہ اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ دنیا بھر میں ابھی تک کہیں بھی کرونا وائرس کی کوئی حتمی ویکسین نہیں بنی ہے۔ اس لیے فی الحال قوتِ مدافعت ہی وہ واحد چیز ہے جو ہمیں اور ہمارے گھر والوں کو کرونا سے بچا سکتی ہے۔
نریندر مودی نے کہا کہ قوتِ مدافعت میں اضافے کے لیے یوگا ایک آزمایا ہوا طریقہ ہے۔