پاکستان میں اموات ساڑھے تین ہزار ہو گئیں، ایک لاکھ 76ہزار مصدقہ کیسز
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 119 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں اموات کی مجموعی تعداد 3501 ہو گئی ہے۔
پاکستان میں کرونا کے متاثرین کے اعداد و شمار جاری کرنے والی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 29ہزار کے قریب مزید ٹیسٹ کیے ہیں جس میں پانچ ہزار کے قریب نئے متاثرہ افراد کی نشان دہی ہوئی ہے۔
پاکستان میں اب تک 10 لاکھ 71 ہزار افراد کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جب کہ مجموعی طور پر مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 77 ہزار کے قریب ہے۔
سرکاری طور پر جاری کیے جانے والے اعداد وشمار میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پاکستان میں وبا سے متاثرہ 68ہزار افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ ملک میں وبا سے متاثرہ افراد کے صحت یاب ہونے کی شروح 38 فی صد بتائی جا رہی ہے جب کہ اس سے ہلاکتوں کی شرح 2 فی صد بتائی جا رہی ہے۔
پاکستان میں سب سے زیادہ متاثرہ افراد سندھ میں 67 ہزار ہیں تاہم اموات پنجاب میں زیادہ 1400 ہوئی ہیں۔
کرونا وائرس بحران میں امریکی سیاست
امریکہ میں ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مناسب وقت پر اقدامات نہ کرنے پر صدر ٹرمپ پر تنقید کی ہے۔ امریکہ میں معاشی بحران سے دو کروڑ افراد بے روزگار ہو چکے ہیں۔ رواں برس انتخابات میں ٹرمپ معاشی بحالی جب کہ جو بائیڈن لوگوں کی ملازمتوں پر بحفاظت واپسی پر زور دیں گے۔
- By ضیاء الرحمن
پنجاب میں عوامی مقامات پر فیس ماسک پہننا لازمی قرار
پاکستان کے آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں حکومت نے عوامی مقامات پر فیس ماسک پہننا یا منہ ڈھانپنا لازمی قرار دیا ہے۔
پابندی قانون برائے امتناع وبائی امراض پنجاب 2020 کے سیکشن 4 اور 5 کے تحت اس پابندی کو لازم قرار دیا گیا ہے۔
سرکاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب بھر میں کرونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ جس کے اثرات کو کم کرنے کے لیے شہریوں کے لیے عوامی مقامات پر منہ ڈھانپنا لازم ہو گا۔
مراسلے کے مطابق دکاندار منہ ڈھانپے بغیر آئے ہوئے گاہکوں کو کسی قسم کی سروس فراہم نہ کریں گے۔
محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پابندی کرونا وائرس کی بگڑتی ہوئی صورت حال کے پیش نظر لگائی گئی ہے۔ جس پر انتظامیہ اور پولیس سختی سے عمل درآمد کروائیں گے۔
سیکرٹری ہیلتھ محمد عثمان یونس کے مطابق منہ ڈھانپنے سے کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی لائی جا سکتی ہے۔
کشمیری نوجوان کا کمال، کباڑ سے وینٹی لیٹر تیار
بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کے 22 سالہ نوجوان وسیم احمد نے استعمال شدہ اشیا سے وینٹی لیٹر بنایا ہے۔ اس کی تیاری میں مختلف گھریلو اشیا استعمال کی گئی ہیں۔