پاکستان میں مزید 105 اموات، 3236 مریضوں کی حالت تشویش ناک
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار مزید 105 مریض دم توڑ گئے ہیں جب کہ 3236 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
پاکستان میں کرونا وائرس سے مرنے والوں کی کل تعداد 3695 ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 3946 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ اس طرح پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی کل تعداد ایک لاکھ 85 ہزار 32 ہو گئی ہے جن میں سے 73 ہزار 471 صحت یاب ہو چکے ہیں۔
کرونا وائرس کے باعث حج کو محدود کر دیا گیا
سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ رواں برس حج شیڈول کے مطابق ہو گا لیکن کرونا وائرس کے باعث سلطنت میں مقیم افراد کو ہی حج کی اجازت ہو گی۔
سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ کی جانب سے پیر کی شب جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رواں برس حج کو محدود رکھا گیا ہے اور سلطنت میں مقیم مختلف قوموں سے تعلق رکھنے والے عازمین ہی حج کریں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ اور لوگوں کی صحت کے پیشِ نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
دورۂ انگلینڈ سے قبل تین پاکستانی کرکٹرز کرونا کا شکار
دورۂ انگلینڈ سے چند روز قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے تین کھلاڑیوں میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ سابق کپتان شعیب ملک، کوچ وقار یونس اور دیگر کے ٹیسٹ کی رپورٹ منگل کو آنے کی توقع ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پیر کی شب تصدیق کی ہے کہ آف اسپنر شاداب خان، فاسٹ بالر حارث رؤف اور نوجوان بلے باز حیدر علی کے کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے جس کے بعد متاثرہ کھلاڑی آئسولیشن میں منتقل ہو گئے ہیں۔
پی سی بی کے مطابق کرونا کے شکار کھلاڑیوں کا اتوار کو راولپنڈی میں ٹیسٹ کیا گیا تھا جو منفی آیا تھا۔ اس وقت تک کھلاڑیوں میں کرونا وائرس کی ایسی کوئی علامات موجود نہیں تھیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے تین کھلاڑیوں کا کرونا ٹیسٹ ایسے موقع پر مثبت آیا ہے جب ٹیم دورۂ انگلینڈ کی تیاریوں میں مصروف ہے اور اسے 28 جون کو انگلینڈ روانہ ہونا ہے۔
بھارت میں 14 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تشخیص
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 14,933 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ وبا کے شکار 123 افراد کی موت ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں کرونا کے مثبت کیسز کی تعداد چار لاکھ 40 ہزار 215 اور اموات کی تعداد 14011 ہو گئی ہے۔ اب تک ملک بھر میں دو لاکھ 48 ہزار سے 189 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
دریں اثنا اترپردیش کے کانپور میں واقع لڑکیوں کے ایک شیلٹر ہوم میں 57 لڑکیوں میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جنہیں مختلف اسپتالوں میں داخل کرا دیا گیا ہے۔
قومی انسانی حقوق کمیشن نے اس سلسلے میں از خود کارروائی کرتے ہوئے اتر پردیش کی حکومت اور پولیس سربراہ کو نوٹس ارسال کیا ہے اور چار ہفتوں کے اندر جواب دینے کا کہا ہے۔