بیجنگ: دس روز میں 30 لاکھ افراد کا کرونا ٹیسٹ
چین کے دارالحکومت بیجنگ کے ایک حکومتی عہدے دار نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے مریضوں کی تشخیص کے لیے انتظامیہ بڑے پیمانے پر کی جانے والی ٹیسٹنگ کا عمل مزید تیز کرے گی۔
بیجنگ کے ہیلتھ کمیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر ژینگ ہوا نے کہا کہ انتظامیہ نے شہر میں ٹیسٹنگ کی استعداد بڑھا لی ہے اور اب بڑے پیمانے پر کرونا ٹیسٹنگ کا عمل مزید تیز کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بیجنگ اب روزانہ تین لاکھ 'نیوکلک ایسڈ ٹیسٹس' کر سکتا ہے جب کہ مارچ میں ایک دن میں صرف 40 ہزار ٹیسٹس کی گنجائش تھی۔
ژینگ ہوا نے کہا کہ 12 جون سے 22 جون تک شہر میں لگ بھگ 30 لاکھ افراد کے کرونا ٹیسٹس کیے گئے ہیں۔
روس میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد چھ لاکھ تک پہنچ گئی
روس میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد چھ لاکھ تک پہنچ گئی ہے جب کہ آٹھ ہزار سے زائد افراد عالمی وبا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔
روس میں پیر کو 7425 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد کرونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد پانچ لاکھ 99 ہزار 705 ہو گئی ہے۔ روس دنیا میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا تیسرا ملک ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 153 ہلاکتیں ہوئی ہیں جس کے بعد کل اموات 8359 تک پہنچ گئی ہیں۔
دوسری جانب دارالحکومت ماسکو میں پابندیاں نرم کردی گئی ہیں اور جمنازیم، ریستوران، بازار اور دیگر عوامی مقامات کھول دیے گئے ہیں۔
پنجاب یونیورسٹی طلبہ سے صرف ٹیوشن فیس لے گی، دیگر فیسیں معاف
پنجاب یونیورسٹی نے کرونا وائرس کے باعث طلبہ سے ٹیوشن فیس کے علاوہ دیگر فیسیں نہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد نے کہا ہے کہ کرونا کی وبا کے دنوں میں طلبہ سے میڈیکل، ٹرانسپورٹ اور لائبریری فیس نہیں لیں گے۔
وائس چانسلر نے کہا کہ اسپورٹس فیس اور ہاسٹل چارجز بھی نہیں لیے جائیں گے لیکن آن لائن کلاسز کے دوران ٹیوشن فیس لی جائے گی۔