گیارہ لاکھ آنجہانی امریکیوں کو بھی کرونا وائرس کے امدادی چیک بھیجے گئے، نگراں ادارہ
امریکی حکومت کے ایک نگران ادارے نے کہا ہے کہ حکومت نے کرونا وائرس پھوٹ پڑنے کے بعد کم آمدنی والے افراد کی امداد کے لیے جو فنڈ جاری کیا تھا، اس میں سے ایک ارب 40 کروڑ ڈالر سے زیادہ مالیت کے چیک ایسے افراد کے بھیج دیے گئے، جن کا انتقال ہو چکا ہے۔ ان کی تعداد 11 لاکھ کے لگ بھگ ہے۔
یہ انکشاف کرونا وائرس کے پھیلاؤ پر حکومتی اقدامات کی نگرانی سے متعلق کانگرس کی ایک غیر جماعتی آزاد ایجنسی نے کیا۔ یہ رپورٹ 269 ارب ڈالر کی 16 کروڑ سے زیادہ ادئیگیوں کے بارے میں محکمہ خزانہ اور انٹرنل ریونیو سروس کے عمل کی تصویر پیش کرتی ہے، جس پر ناقدین سوال اٹھا رہے ہیں۔
کانگریس نے کوویڈ 19 کی صورت حال کے مقابلے کے لیے مارچ میں دو ٹریلین ڈالر کے ایک بہت بڑے پیکیج کی منظوری دی تھی، جسے سی اے آر ای ایس ایکٹ کا نام دیا گیا ہے۔ اس کا مقصد امریکی کارکنوں اور کاروباروں پر عالمی وبا کا دباؤ کم کرنا تھا۔
اس پروگرام کے تحت مستحق امریکی، امدادی چیک وصول کرنے کے اہل تھے۔ اہلیت کے لیے 2018 اور 2019 میں لوگوں کی جانب سے فائل کی جانے والی انکم ٹیکس ریٹرن کو معیار بنایا گیا تھا۔
پروگرام کے تحت 75 ہزار ڈالر سالانہ کمانے والے افراد کو 1200 ڈالر تک امدادی چیک اور شوہر اور بیوی کی ڈیڑھ لاکھ ڈالر تک کی مشترکہ ٹیکس ریٹرن کے لیے حد 2400 ڈالر مقرر کی گئی ہے، جب کہ اہلیت کے معیار پر پورا اترنے والے ہر بچے کے لیے 500 ڈالر کی اضافی امداد دی گئی ہے۔ اس سے زیادہ آمدنی پر امدادی رقم میں کٹوتی ہوتی ہے اور ایک خاص حد تک پہنچنے پر امدادی رقم صفر ہو جاتی ہے۔
امریکہ میں ایک روز کے دوران ریکارڈ کیسز، ٹیکساس کو کھولنے کا فیصلہ ملتوی
امریکہ میں ایک روز کے دوران کرونا وائرس کے ریکارڈ کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد بعض ریاستوں نے معمولاتِ زندگی بحال کرنے کا عمل روک دیا ہے۔
امریکہ میں جمعرات کو 39 ہزار 818 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ ایک روز کے دوران نئے کیسز کی یہ اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
بدھ کو بھی امریکہ میں 36 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے تھے جب کہ آخری مرتبہ 24 اپریل کو امریکہ میں 36 ہزار 426 کیسز کی ریکارڈ تعداد نوٹ کی گئی تھی۔
رواں ہفتے ریاست ایریزونا، کیلی فورنیا، فلوریڈا، میسوری، نیواڈا، جنوبی کیرولائنا، اوکلاہوما اور الباما میں ریکارڈ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
کرونا وائرس کے کیسز میں اضافے کی وجہ ٹیسٹس کی استعداد بڑھانے کو بھی قرار دیا جا رہا ہے۔
ٹرمپ انتظامیہ نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے متعلق خدشات کو کم کرنے کی کوشش کی ہے۔ البتہ ایک ہفتے کے دوران ایک درجن سے زائد ریاستوں میں نئے کیسز کی تعداد میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔
روس میں اپریل کے بعد سے ایک دن کے کم ترین کیسز رپورٹ
روس میں جمعے کو کرونا وائرس کے 6800 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو اپریل کے بعد سے ملک میں ایک دن میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی کم ترین تعداد ہے۔ روس میں اپریل کے اواخر سے اب تک روز سات ہزار سے زائد کیسز سامنے آ رہے تھے۔
روس میں کووڈ 19 کا شکار مریضوں کی کل تعداد چھ لاکھ 20 ہزار 794 ہو گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا سے 176 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 8781 تک پہنچ گئی ہے۔
بھارت میں ریکارڈ یومیہ کیسز رپورٹ
بھارت میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد پانچ لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔ جمعے کو ملک میں کرونا وائرس کے 17 ہزار 296 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو ایک دن میں سامنے آنے والے کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
بھارت میں گزشتہ کئی روز سے ریکارڈ یومیہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ جمعے کو نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کرونا کے مریضوں کی کل تعداد چار لاکھ 90 ہزار 401 ہو گئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا سے 407 مزید اموات کے بعد ملک میں اس وبا کا شکار ہونے والوں کی ممجموعی تعداد 15 ہزار 301 ہو گئی ہے۔
مریضوں کی تعداد میں اضافے کے پیشِ نظر جہاں نئی دہلی میں گھر گھر سروے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے وہیں ریلوے کے آپریشنز مکمل بحال کرنے کا معاملہ مزید تعطل کا شکار ہو گیا ہے۔
بھارت میں 30 جون سے ٹرین سروس مکمل بحال ہونا تھی لیکن بھارتی ریلوے نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ 12 اگست تک آپریشنز مکمل بحال نہیں کیے جائیں گے۔