پاکستان میں کرونا وائرس سے اموات چار ہزار ہو گئیں
پاکستان میں جمعہ کو کرونا وائرس سے مزید 72 افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد چار ہزار سے زیادہ ہوگئی۔ ملک میں مزید 3212 کیسز کی تصدیق بھی ہوئی ہے۔ ان میں دارالحکومت اسلام آباد کے اعدادوشمار شامل نہیں ہیں۔
پاکستان 22واں ملک ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد چار ہزار تک پہنچی ہے۔ ملک میں 198957 کیسز سامنے آچکے ہیں اور یہ بات تقریباً یقینی ہے کہ ہفتے کو کیسز کی تعداد 2 لاکھ سے زیادہ ہوجائے گی۔
پنجاب کے محکمہ صحت کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 1193 ٹیسٹ مثبت آئے اور 27 مریض دم توڑ گئے۔ سندھ کے محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ مزید 1150 افراد وائرس میں مبتلا ہوئے اور ٹھیک 27 ہی افراد چل بسے۔
خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت کے مطابق 640 نئے مریضوں کا علم ہوا اور صوبے میں 11 اموات رپورٹ ہوئیں۔ بلوچستان میں 170 کیسز سامنے آئے اور 4 افراد کا انتقال ہوا۔
گلگت بلتستان میں 18 مریضوں کی تصدیق ہوئی۔ لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 41 کیسز کا پتا چلا جبکہ 3 ہلاکتیں ہوئیں۔
پاکستان میں مجموعی طور پر 4034 افراد وبائی بیماری کا شکار ہوکر موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔ دوسری جانب 86215 افراد شفایاب بھی ہوئے ہیں۔
میکسیکو 11واں ملک ہے جہاں جمعہ کو 2 لاکھ کیسز مکمل ہوئے۔ پاکستان میں اس سے چند ہزار کیسز کم ہیں۔ لیکن دونوں ملکوں کے جانی نقصان میں کافی زیادہ فرق ہے۔ میکسیکو میں 25 ہزار سے زیادہ افراد جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد لگ بھگ 97 لاکھ ہے جبکہ 4 لاکھ 91 ہزار سے زیادہ اموات ہوچکی ہیں۔ امریکہ ساڑھے 24 لاکھ کیسز اور سوا لاکھ ہلاکتوں کے ساتھ سب سے زیادہ متاثر ملک ہے۔
بھارت میں کیسز پانچ لاکھ سے متجاوز
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 17 ہزار سے کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں مصدقہ مریضوں کی تعداد پانچ لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔
بھارت کی وفاقی وزارتِ صحت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کے بڑے شہروں خصوصاً دارالحکومت نئی دہلی میں وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔
بھارت وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملکوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے۔ بھارت سے زیادہ کیسز امریکہ، برازیل اور روس میں رپورٹ ہو چکے ہیں۔
ماہرین بھارت میں وائرس کا پھیلاؤ روکنے سے زیادہ اموات کنٹرول کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ بھارت میں اب تک وائرس سے لگ بھگ 16 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
امریکہ میں ایک ہی دن کرونا کے 45242 کیس، کئی ریاستوں میں دوبارہ پابندیاں
امریکہ میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے اور جمعے کو ملک میں ایک ہی دن میں ریکارڈ 45 ہزار 242 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ امریکہ میں کیسز کی مجموعی تعداد 24 لاکھ سے زائد ہو چکی ہے۔
امریکہ میں کیسز بڑھنے کے بعد کئی ریاستوں نے لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ بھی موخر کر دیا ہے۔
ریاست ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے ریاست میں بارز اور ریستوران جلد بند کرنے اور لوگوں کی تعداد نصف کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ فلوریڈا میں بھی بارز کی حدود میں شراب کی سروس پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جس پر شراب خانوں کے مالک ناراض ہیں۔
بارز مالکان کا کہنا ہے کہ حکومت کے اچانک فیصلے سے اُنہیں بڑے مالی خسارے کا سامنا ہے۔ ایک بار مالک کا کہنا تھا کہ اُس نے ویک اینڈ کے لیے ہزاروں ڈالر کی خریداری کی تھی لیکن اب حکومت کے اس فیصلے سے اُنہیں مالی خسارے کا سامنا ہے۔
ریاست فلوریڈا میں ایک ہی دن میں ریکارڈ 8942 کیس رپورٹ ہونے کے بعد نئی پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔
ریاست کیلی فورنیا کے گورنر گیون نیوزم کا کہنا ہے کہ لاس اینجلس کی امپریل کاؤنٹی کے بعض علاقے وائرس کا گڑھ بن چکے ہیں لہذٰا یہاں لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
امریکن ایئر لائن اپنے جہازوں کی تمام سیٹیں بک کرے گی
امریکہ میں کرونا وائرس سے متاثرہ نئے مریضوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، اور ایسے میں امریکہ کی فضائی کمپنی، امریکن ایئر لائنز، آئندہ ہفتے سے اپنے ہوائی جہازوں پر سماجی فاصلے کی قدغن کوختم کر رہی ہے اور اب اپنے جہازوں کی تمام سیٹیں بک کیا کرے گی۔
امریکن ایئر لائنز کا یہ اقدام، یونائٹد ایئر لائنز کی پالیسی سے میل کھاتا ہے، لیکن اپنے دیگر حریفوں برعکس ہے، جنہوں نے اپنے جہازوں پر سیٹوں کی بکنگ کو محدود رکھا ہے، تا کہ مسافروں کے درمیان فاصلہ رکھ کر، وبا کے پھیلاؤ کے خطرے کو کم کیا جا سکے۔
جمعہ کے روز، فضائی کمپنی کا کہنا تھا اگر اُن کے جہاز کی تمام سیٹیں بک ہونے کا امکان ہوا تو وہ اس حوالے سے اپنے صارفین کو مطلع کرتے رہیں گے، اور وہ بغیر مزید معاوضہ لئے، انہیں پرواز تبدیل کرنے کی بھی اجازت دیں گے۔ ایئرلائن کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر جہاز میں جگہ ہوئی تو اپنے مسافروں کو سیٹ تبدیل کرنے کی بھی اجازت دیں گے۔
اس سال اپریل سے لیکر اب تک، امریکن ایئر لائنز اپنے جہاز کی کل سیٹوں کی پچاسی فیصد تک بکنگ کرتی تھی، اور درمیان کی سیٹیں خالی چھوڑ دیتی تھی۔ تاہم، آئندہ بدھ کے روز سے، ایئرلائن جہاز کی تمام سیٹیں بک کرے گی۔