پاکستان میں مزید 118 اموات
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار مزید 118 مریض دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں ہلاکتوں کی کل تعداد 4304 تک پہنچ گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کرونا کے شکار 2689 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
پاکستان میں کرونا وائرس کے ٹیسٹوں کی تعداد میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔ اس طرح نئے مریضوں کی تعداد بھی گھٹ رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں 20 ہزار 930 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 2846 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
روس میں کرونا کے مریض ساڑھے چھ لاکھ کے قریب
روس میں کرونا وائرس کے مزید چھ ہزار سے زائد کیسز سامنے آنے کے بعد کووڈ 19 کے مریضوں کی مجموعی تعداد لگ بھگ ساڑھے چھ لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔
روس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 6693 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مریضوں کی کل تعداد چھ لاکھ 47 ہزار 849 ہو گئی ہے۔
پیر کو 154 افراد کی اموات کے بعد ملک میں کرونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 9320 ہو گئی ہے۔
آسٹریلیا: میلبرن میں کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاک ڈاؤن کا فیصلہ
آسٹریلیا کے دوسرے بڑے شہر میلبرن میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے حکام نے کچھ علاقوں میں پابندیاں نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور لاکھوں لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔
آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریہ میں جمعرات سے اب تک کرونا وائرس کے 233 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس میں سے سب سے زیادہ مریض میلبرن میں سامنے آئے ہیں۔ آسٹریلیا نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ پر کسی حد تک قابو پا لیا تھا لیکن حالیہ کیسز نے ایک بار پھر آسٹریلیا کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
حکام کے مطابق میلبرن میں کووڈ 19 کا پھیلاؤ روکنے کے لیے بدھ سے کچھ علاقوں میں لاک ڈاؤن کی پابندیاں عائد کی جائیں گی جس کے باعث تقریباً تین لاکھ افراد گھروں تک محدود رہنے پر مجبور ہوں گے۔
برطانیہ کے شہر لیسٹر میں دوبارہ لاک ڈاؤن
برطانیہ نے کرونا وائرس کے پیشِ نظر اپنے ایک شہر لیسٹر میں دوبارہ لاک ڈاؤن کر دیا ہے۔ لیسٹر میں نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب برطانیہ نے کسی ایک شہر یا علاقے میں دوبارہ میں لاک ڈاؤن کیا ہے۔
برطانوی حکومت نے اس سے قبل کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ملک گیر لاک ڈاؤن کیا تھا جسے رواں ماہ کے آغاز میں ختم کرتے ہوئے پابندیوں میں بتدریج نرمی کی تھی۔