بداحتیاطی کریں گے تو وائرس پھیلے گا: اسد عمر
پاکستان میں کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے کیے قائم کیے گئے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ عیدالضحٰی پر عوام کو احتیاط کرنا ہو گی۔
اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن سے وائرس کا پھیلاؤ روکنے میں مدد ملی جس کے لیے وہ عوام کے شکر گزار ہیں۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ عیدالفطر پر بے احتیاطی کی گئی جس سے وائرس پھیلا، لہذٰا عیدالاضحٰی پر لوگوں کو احتیاط کرنا ہو گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ ماسک پہننا، مصافحہ اور بغل گیر نہ ہونا اور فاصلہ رکھنا کوئی مشکل کام نہیں ہے۔
کرونا کی اطلاع چین نے نہیں بلکہ وہاں موجود دفتر نے دی تھی: عالمی ادارہ صحت
عالمی ادارہ صحت نے انکشاف کیا ہے کہ ادارے کو وائرس سے متعلق اطلاع سب سے پہلے چین نے نہیں بلکہ وہاں قائم ڈبلیو ایچ او کے دفتر نے دی تھی۔
اس سے قبل ادارے کا یہ موقف رہا ہے کہ اسے وائرس سے متعلق اطلاع چین سے موصول ہوئی تھی لیکن ادارے نے یہ نہیں بتایا تھا کہ یہ اطلاع کس نے دی تھی۔
ادارے کی جانب سے وائرس سے متعلق گزشتہ ہفتے ایک ٹائم لائن جاری کی گئی ہے۔
ٹائم لائن میں بتایا گیا ہے کہ 31 دسمبر 2019 کو ادارے کے چین میں موجود دفتر نے چین کے شہر ووہان کے میونسپل ہیلتھ کمیشن کی ویب سائٹ میں 'وائرل نمونیہ' سے متعلق معلومات سے علاقائی دفتر کو آگاہ کیا۔
ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ ادارے نے یکم اور دو جنوری کو چین سے باضابطہ طور پر اس 'وائرل نمونیہ' سے متعلق معلومات طلب کیں جو تین جنوری کو فراہم کی گئیں۔
چین پر امریکہ سمیت کئی ملک یہ تنقید کرتے رہے ہیں کہ اس نے وائرس سے متعلق دنیا کو آگاہ کرنے میں جان بوجھ کر تاخیر کی جس سے وائرس دنیا بھر میں پھیلا۔
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی وائرس سے متعلق معلومات کی عدم فراہمی اور ناکافی اقدامات کا جواز پیش کرتے ہوئے ڈبلیو ایچ او کی امداد روک لی تھی۔
بھارت میں ایک ہی روز ریکارڈ 22 ہزار کیس رپورٹ
بھارت میں ہفتے کو ایک ہی دن میں سب سے زیادہ 22 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ ایک ہی دن میں 442 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
ریاست مہاراشٹر کے سب سے گنجان آباد تجارتی شہر ممبئی میں ہفتے کو سب سے زیادہ 6 ہزار 3 سو 64 نئے کیسز ریکارڈ ہوئے جب کہ 198 افراد ہلاک ہوئے۔
وزارتِ صحت کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد بھارت کرونا سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں امریکہ اور برازیل کے بعد تیسرے نمبر پر آ گیا ہے جہاں مریضوں کی مجموعی تعداد ہفتے تک چھ لاکھ چالیس ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
ممبئی میں اگلے 48 گھنٹوں تک موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق بارشوں سے شہر کے بیشتر علاقے زیرِ آب آجاتے ہیں جس سے کرونا وائرس کی روک تھام کی کوششوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
دوسری جانب جنوبی ریاست تامل ناڈو جو کرونا سے بری طرح متاثر ہے یہاں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے۔