وبا کے بعد دفتری ماحول پہلے جیسا نہیں ہو گا
امریکی ماہرین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے بعد دفاتر میں ڈرامائی تبدیلیاں ہونے والی ہیں۔ جیسے داخلے پر درجہ حرارت کی جانچ اور موبائل ایپ سے چلنے والی لفٹس۔ زیادہ تر لوگوں کے گھروں سے کام کرنے کے باعث امریکہ میں زیادہ تر دفاتر خالی ہیں تو آرکیٹیکٹس دفتروں کو نئی حقیقت میں تبدیل کرنے میں مصروف ہیں۔
جنوبی افریقہ میں کرونا کیسز دو لاکھ سے زیادہ
جنوبی افریقہ میں کرونا وائرس کے کیسز دو لاکھ سے زیادہ ہو گئے ہیں۔ منگل کو ملک میں 8971 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں 'کووڈ 19' کے مریضوں کی مجموعی تعداد دو لاکھ پانچ ہزار 721 ہو گئی ہے۔
برّاعظم افریقہ میں اب تک کرونا وائرس کے کل چار لاکھ 77 ہزار سے زائد کیسز سامنے آ چکے ہیں۔
برطانیہ میں کرونا وائرس سے ہلاکتیں 55 ہزار سے متجاوز
برطانیہ میں کرونا وائرس میں مبتلا ہو کر جان کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 55 ہزار کا ہندسہ عبور کر چکی ہے۔
یہ اعداد و شمار برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' نے جاری کیے ہیں جو انگلینڈ، ویلز، شمالی آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ میں 28 جون تک ہونے والی اموات کے ہیں۔ رائٹرز نے اس تعداد میں صرف ان اموات کو شامل کیا ہے جن افراد کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ پر وجۂ موت کرونا وائرس لکھی گئی ہے۔