افغانستان میں کرونا وائرس کے 33 ہزار سے زائد مریض، 937 اموات
افغانستان کی وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 'کووڈ 19' کے 210 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے ساتھ ملک میں کرونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 33 ہزار 594 ہو گئی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق افغانستان میں کرونا سے ہونے والی اموات کی کل تعداد 937 ہے۔
کرونا وائرس: 'پاکستان میں کیس کم رپورٹ ہو رہے ہیں لیکن وبا ختم نہیں ہوئی'
پاکستان میں حالیہ چند روز سے کرونا کیسز کی تعداد میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔ حکومت اسے بہترین حکمتِ عملی کا نتیجہ قرار دے رہی ہے جب کہ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں ٹیسٹوں کی تعداد کم ہونے سے کیسز کم رپورٹ ہو رہے ہیں۔
پاکستان میں بدھ تک مصدقہ کیسز کی تعداد دو لاکھ 37 ہزار 489 جبکہ اموات 4 ہزار 922 تک پہنچ چکی ہیں۔ وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد وائرس سے متاثرہ مریضوں سے بڑھ گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان میں کرونا وبا عروج پر ہے اور اگر احتیاط نہ کی گئی تو چین کی طرح دوسری لہر بھی آ سکتی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنڑول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق زیر علاج مریضوں کی تعدد 91 ہزار 602 اور صحت یاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 1 لاکھ، 40 ہزار 965 ہے۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 21 ہزار 951 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جب کہ جون میں یہ تعداد 32 ہزار تک بھی پہنچ گئی تھی۔
وفاقی وزیر اسد عمر کا دعویٰ ہے کہ کرونا کے حوالے سے حکومت کی حکمت عملی وہی ہے جو پہلے دن تھی، پاکستانی قوم نے ڈسپلن کا مظاہرہ کیا لیکن عیدالفطر پر احتیاط نہ ہونے سے وائرس تیزی سے پھیلا۔
انہوں نے کہا کہ مئی سے اسمارٹ لاک ڈاؤن کا آغاز کردیا گیا تھا جسے جون کے وسط میں مزید پھیلایا گیا اور صوبوں کے لیے 20 شہروں میں 'ہاٹ اسپاٹس' کی نشاندہی کر کے ان علاقوں کو بند کیا گیا۔
اُن کے بقول جون کے وسط کے مقابلے میں آج کے اعداد و شمار بہتر ہیں جس میں نہ صرف وینٹی لیٹرز پر موجود تشویش ناک مریضوں کی تعداد میں کمی آئی بلکہ اموات بھی کم ہوئیں۔
بھارت میں ایک روز کے دوران ریکارڈ کیسز رپورٹ
بھارت میں ایک روز کے دوران کرونا وائرس کے ریکارڈ کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں کیسز کی تعداد سات لاکھ 67 ہزار 296 تک پہنچ گئی ہے۔
بھارت میں گزشتہ ایک ہفتے سے کرونا کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 24 ہزار 879 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ 487 مریض چل بسے ہیں۔
بھارت میں کرونا وبا سے اب تک اموات کی تعداد 21 ہزار 129 تک پہنچ گئی ہے۔
وزارتِ صحت کے مطابق ملک میں کرونا کے مریضوں کی تعداد دو لاکھ 69 ہزار 789 ہے اور چار لاکھ 76 ہزار 378 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
ریاست مہاراشٹر میں کرونا کے سب سے زیادہ مریض ہیں۔ دوسرے نمبر پر تمل ناڈو اور تیسرے پر دہلی ہے۔ دہلی میں کل 1,02,831 مریض ہیں اور 3,165 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔
آسٹریلوی شہر میلبورن میں لاک ڈاؤن
آسٹریلیا میں کرونا وائرس کی دوسری لہر کے خدشے کے پیشِ نظر ملک کے دوسرے بڑے شہر میلبورن میں لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے۔
میلبورن کے حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ چھ ہفتوں تک گھروں میں ہی رہیں اور سماجی فاصلے سمیت کرونا وائرس کی دیگر احتیاط پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
میلبورن شہر آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریا میں واقع ہے۔ اس ریاست سے ملنے والی سرحد کو پہلے ہی بند کر دیا گیا تھا۔
بدھ کو وکٹوریا میں 134 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ کیسز کی یہ تعداد حالیہ چند روز کے دوران رپورٹ ہونے والے کیسز کے مقابلے میں کم ہے لیکن دیگر ریاستوں کے مقابلے میں اس تعداد کو زیادہ قرار دیا جا رہا ہے۔
آسٹریلیا کی شمالی ریاست کوئنز لینڈ نے وکٹوریا سے آنے والے شہریوں پو پابندی لگانے کا اعلان کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ وکٹوریا سے آنے والے افراد پر 14 دن تک ہوٹل میں قرنطینہ میں وقت گزارنے پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔