مزید 13 لاکھ امریکیوں کی بے روزگاری الاؤنس کے لیے درخواست
ملازمتوں سے نکالے جانے والے مزید 13 لاکھ امریکیوں نے گزشتہ ہفتے بے روزگاری الاؤنس کے لیے اپنی درخواستیں جمع کروائیں۔ عالمی وبا کے باعث دفاتر اور کاروباروں کی بندش سے اب تک لاکھوں امریکی کارکن اپنی ملازمتوں سے محروم ہو چکے ہیں۔
لیبر ڈپارٹمنٹ نے جمعرات کو اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ تازہ درخواستیں یہ ظاہر کرتی ہیں کہ کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں دوبارہ تیزی آنے سے آجروں کو بدستور مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
یہ مسلسل 16 ہفتہ ہے کہ بے روزگاری الاؤنس کے لیے درخواست گزاروں کی تعداد مارچ کی اس سطح سے کم ہے جب ایک ہفتے میں 69 لاکھ افراد نے بے روزگاری الاؤنس کے لیے اپنی درخواستیں جمع کروائی تھیں، جب کہ حالیہ چار ہفتوں کے دوران فی ہفتہ 14 لاکھ سے زیادہ افراد نے درخواستیں دیں۔
سنگاپور میں سماجی احتیاط کے ساتھ انتخابات کے لیے ووٹنگ
سنگاپور کے شہری ہاتھوں پر گلووز اور ماسک پہن کر عام انتخابات کے لیے ووٹنگ میں حصہ لے رہے ہیں۔
سنگار پور کے انتخابات کے لیے جمعے کو پولنگ کا عمل شروع ہوا اور مختلف پولنگ اسٹیشنز پر ووٹ ڈالنے کے لیے آنے والوں کا پہلے درجہ حرارت چیک کیا جا رہا ہے۔
ووٹرز کو سماجی دوری کی احتیاط پر عمل کرنے سمیت ماسک پہننا اور ہاتھوں پر گلووز پہننے کو لازم قرار دیا گیا ہے۔
کرونا وائرس کی وجہ سے احتیاطی تدابیر کے پیشِ نظر ووٹنگ ٹرن آؤٹ میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پولنگ کا عمل رات آٹھ بجے مکمل ہو گا اور حتمی نتیجے کا اعلان ہفتے کی صبح کیا جائے گا۔
سنگارپور کی 1965 میں آزادی کے بعد سے برسرِ اقتدار جماعت پیپلز ایکشن پارٹی کے وزیرِ اعظم لی سین لونگ کے دوبارہ منتخب ہونے کے امکان ہیں۔
بھارت میں کرونا وائرس کے ریکارڈ 26 ہزار کیسز
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 26 ہزار 506 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ایک روز کے دوران سامنے آنے والے کیسز کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔
سرکاری حکام کے مطابق ایک دن میں بھارت میں مہلک وبا سے 475 افراد ہلاک بھی ہوئے۔
کرونا وائرس کے سبب بھارتی ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنا سمیت دیگر چار اضلاع میں جمعے کے روز سے ایک ہفتے کے لیے لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔
بھارت کی سب سے زیادہ گنجان آباد ریاست اتر پردیش میں بھی رواں ہفتے جمعے سے اتوار تک لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے۔
بھارت میں اب تک کرونا وائرس کے سات لاکھ 93 ہزار 802 کیسز سامنے آ چکے ہیں جب کہ مہلک وبا سے 21604 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
بھارت میں 'کووڈ 19' کے سلسلے میں قائم مرکزی وزرا کے گروپ نے بتایا ہے کہ ملک میں آٹھ ریاستیں ایسی ہیں جہاں کرونا کے 90 فی صد کیسز ہیں۔ ان ریاستوں میں مہاراشٹر، دہلی، تمل ناڈو، کرناٹک اور تلنگانہ بھی شامل ہیں۔
بھارت میں چار لاکھ 95 ہزار سے زائد مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔ بھارتی وزارتِ صحت کے مطابق کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد کی شرح 60 فی صد سے زائد ہے۔
ہانگ کانگ میں پیر سے تمام اسکولز بند کرنے کا اعلان
ہانگ کانگ نے مقامی سطح پر کرونا وائرس کی دوبارہ منتقلی کے کیسز سامنے آنے کے بعد پیر سے تمام اسکول بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ہانگ کانگ کے ایجوکیشن بیورو نے جمعے کو اعلان کیا ہے کہ کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے پیر سے تمام اسکول بند رہیں گے۔
شہر میں جمعرات کو کرونا وائرس کے 42 نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے جن میں سے 34 کیسز مقامی سطح پر منتقل ہوئے ہیں۔
وزیر تعلیم کیون یونگ نے کہا ہے کہ حال ہی میں سامنے آنے والے کرونا کیسز میں سے بیشتر کیسز طلبہ اور والدین کے ہیں۔
یاد رہے کہ ہانگ کانگ میں جنوری سے اب تک 1366 افراد میں وائرس کی تشخیص اور 7 شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔