امریکہ میں بے روزگاری کی شرح میں کمی
تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق مئی میں امریکہ میں بیروزگاری کی شرح تیرہ اعشاریہ تین فیصد تھی جو جون میں بہتر ہو کر گیارہ اعشاریہ ایک فیصد ہو گئى۔ اس بہتری کی وجہ وبائی امراض سے متعلق امدادی قانون کئیرز ایکٹ کی کانگریس سے منظوری ہے جس میں بے روزگار ہونے والے افراد کو الاؤنس فراہم کیا گیا تھا۔
عالمی سطح پر ہلاکتوں کی تعداد 5 لاکھ 65 ہزار سے متجاوز
کرونا وائرس سے عالمی سطح پر اموات پانچ لاکھ 65 ہزار سے تجاوز کر گئی ہیں۔
وائرس سے سب سے زیادہ ہلاکتیں امریکہ میں ایک لاکھ 34ہزار ہوئی ہیں جب کہ لاطینی امریکہ میں واقع برازیل دوسرا سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں حکام نے 71 ہزار اموات کی تصدیق کی ہے۔
یورپ کے کئی ممالک وبا سے شدید متاثر ہوئے ہیں تاہم اموات میں برطانیہ سب سے آگے ہے جہاں 45 ہزار کے قریب افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
اس کے علاوہ میکسیکو میں حکام نے 34ہزار، فرانس میں 30ہزار، اسپین میں 28 ہزار، بھارت میں 22ہزار، ایران میں 12 ہزار پرو میں ساڑھے 11ہزار، روس میں 11ہزار ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے۔
آسٹریلیا: کیسز میں اضافہ ہونے پر میلبرن میں 6 ہفتوں کا لاک ڈاؤن
آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریہ میں کرونا وائرس کے مزید 273 کیس سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
ریاست وکٹوریہ ملک کی سب سے گنجان آباد ریاست ہے جب کہ اس کے سب سے بڑے شہر میلبرن میں نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد چھ ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق تعداد میں اضافہ کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے ٹیسٹ کی جانب اشارہ ہے۔
ریاست وکٹوریہ میں کرونا وائرس کے ہر روز تقریبا 30 ہزار افراد کا ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔
جرمنی: کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ، تعداد دو لاکھ تک پہنچ گئی
یورپ کے ملک جرمنی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 248 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 99 ہزار 709 ہوگئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق جرمنی میں 9 ہزار افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ ایک لاکھ 84 ہزار کے صحت یاب ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔