بیجنگ میں آٹھ دن سے کرونا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا
چین کے دارالحکومت بیجنگ میں گزشتہ آٹھ روز سے کرونا وائرس کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔ گزشتہ ماہ بیجنگ کی ایک مارکیٹ میں کرونا وائرس کے متعدد کیسز سامنے آئے تھے جسے وائرس کی دوسری لہر قرار دیا جا رہا تھا۔
چین نے بیجنگ میں بڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ شروع کی تھی جس کے بعد چینی دارالحکومت میں اب نئے کیسز سامنے آنا بند ہو گئے ہیں۔ البتہ چین کے دیگر علاقوں میں منگل کو پانچ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ترکمانستان میں ٹرین سروس معطل کرنے کا فیصلہ
ترکمانستان میں اب تک کرونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے لیکن حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ عالمی وبا سے بچاؤ کے لیے ملک میں مسافر ٹرینوں کو 16 جولائی سے معطل کر دیا جائے۔
ترکمانستان ریلوے نے اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ لوکل ٹرین سروس 16 سے 23 جولائی تک معطل رہے گی۔
جائر بولسونارو آئسولیشن سے اُکتا گئے، دوبارہ کرونا ٹیسٹ کرائیں گے
برازیل کے صدر جائر بولسونارو نے پیر کو کہا ہے کہ وہ مزید آئسولیشن میں نہیں رہ سکتے اور وہ کرونا کا ایک اور ٹیسٹ کرانے کا سوچ رہے ہیں۔ بولسونارو کرونا وائرس کے دو ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد گزشتہ ایک ہفتے سے قرنطینہ میں ہیں۔
برازیلین صدر کی پیر کو کچھ تصاویر بھی سامنے آئی ہیں جن میں وہ شتر مرغ کو خوراک کھلا رہے ہیں۔
جائر بولسونارو نے کہا کہ وہ منگل کو دوبارہ ٹیسٹ کرائیں گے جس کے نتائج چند گھنٹوں میں آ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں بہت بے چینی سے ان نتائج کا کا انتظار کروں گا کیوں کہ میں اب مزید گھر میں نہیں رہ سکتا، یہ بہت خوف ناک ہے۔
افغانستان میں کرونا کے 34 ہزار سے زائد مریض
افغانستان کی وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ ملک میں 'کووڈ 19' کے 135 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد اب افغانستان میں کرونا سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 34 ہزار 740 ہو گئی ہے۔
افغان وزارتِ صحت کے مطابق کرونا کی وبا سے اب تک ملک میں 1062 اموات بھی ہوئی ہیں جب کہ گزشتہ چند روز کے دوران کرونا کے مثبت کیسز کی تعداد بھی کم ہوئی ہے۔