بھارت: ریاست کیرالہ میں 3 ماہ کے دوران 66 بچوں کی خودکشی
بھارتی ریاست کیرالہ تعلیم اور ترقی میں دوسری ریاستوں سے آگے ہے۔ اس نے دوسری ریاستوں کے مقابلے میں کرونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کی بہتر کوششیں کی ہیں۔ لیکن اسے بچوں کی خود کشیوں کو روکنے میں ناکامی پر تنقید کا سامنا ہے۔
کیرالہ میں گزشتہ تین ماہ کے دوران 66 بچے خودکشی کر چکے ہیں۔ ان میں 64 بچوں کی عمر 12 سے 18 سال تھی جب کہ 2 بچے 12 سال سے بھی کم عمر تھے۔ 61 نے پھندے سے لٹک کر اپنی جان لی۔
حکومت نے اس رجحان کو روکنے کے لیے بچوں کی کاؤنسلنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کیرالہ کے وزیراعلیٰ پناروای وجیئن کا کہنا ہے کہ اسکول بند ہیں اور ممکن ہے کہ بچوں کو لاک ڈاؤن میں ذہنی اور نفسیاتی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہو۔
اسپین: لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد تین ہفتوں بعد کیسز میں تین گنا اضافہ
یورپی ملک اسپین میں کرونا وائرس کے سبب نافذ کی گئی پابندیوں میں نرمی کے تین ہفتوں بعد اس وبا کے پھیلنے میں تین گنا اضافہ ہو گیا ہے۔
اسپین میں پابندیاں اٹھائے جانے اور معمولات زندگی کی بحالی کے بعد دو شہروں بارسلونا اور لیلیڈا کے 201 ایسے مقامات سامنے آئے ہیں۔ جہاں کرونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے سبب بارسلونا اور لیلیڈا کی مقامی حکومتوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں میں قید رہیں اور ایسی تقریبات سے اجتناب کریں جن میں 10 افراد سے زائد افراد شریک ہوں۔
اسپین کی ڈپٹی ہیلتھ ایمرجنسی چیف ماریہ سیرا کے مطابق اس ویکینڈ پر کرونا کے 4581 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ جس کے بعد اسپین میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 64 ہزار 836 ہو گئی ہے جب کہ اس وبا سے 28 ہزار سے زائد افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔
برازیل: مزید دو وزرا میں کرونا وائرس کی تشخیص
لاطینی امریکہ کے ملک برازیل کے دو وزرا میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
برازیل کی وزارِ شہریت کے وزیر اونکس لورینزونی اور نو منتخب وزیر برائے تعلیم ملٹن ریپیرو نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا ہے کہ ان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ اس سے قبل برازیل کے صدر جیر بولسونارو بھی کرونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔
برازیل دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے ملکوں میں امریکہ کے بعد دوسرے نمبر ہے۔
برازیل میں اب تک کرونا وائرس سے 80 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 21 لاکھ سے زائد افراد میں اس وبا کی تشخیص ہو چکی ہے۔
ویتنام: روس سے آئے 12 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق
ویتنام میں روس سے آنے والے 12 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جنہیں قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔
گزشتہ تین ماہ کے دوران ویتنام میں کرونا وائرس کی مقامی طور پر منتقلی کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا تھا۔
ویتنام میں کرونا وائرس سے 396 افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 90 فی صد افراد صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ اس وبا سے ملک میں اب تک کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ہے۔