پاکستان میں 40 اموات، 1013 نئے کیسز رپورٹ
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کرونا وائرس کے شکار 40 مریض دم توڑ گئے ہیں جب کہ 1013 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کرونا وبا سے ہلاکتوں کی کل تعداد 5639 ہو گئی ہے اور دو لاکھ 66 ہزار 89 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے دو لاکھ آٹھ ہزار سے زیادہ مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
صدر ٹرمپ کا کرونا پر بریفنگ دوبارہ شروع کرنے کا اعلان
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے سبب وہ ایک بار پھر سے وائٹ ہاؤس بریفنگ کا آغاز کریں گے۔
پیر کو اوول آفس میں صدر ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس سے متعلق معلومات عوام تک پہنچانے کا یہ بہترین طریقہ ہے۔ اس مقصد کے لیے وہ دوبارہ معمول کی بریفنگ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ منگل سے شروع ہونے والی بریفنگ میں وہ کرونا وائرس کے خاتمے سے متعلق کیے گئے حکومتی اقدامات سے متعلق آگاہ کریں گے۔
ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ امریکی صدر اس موقع پر صحافیوں کے سوالات لیں گے یا نہیں۔
بھارت: ایک دن میں 37 ہزار سے زیادہ نئے کیسز، 587 ہلاک
جنوبی ایشیائی ملک بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 37 ہزار 148 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ایک دن میں اس وبا سے بھارت میں 587 مریض بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
بھارت میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 11 لاکھ 55 ہزار 191 ہو گئی ہے۔ اب تک اس عالمی وبا سے ہلاکتوں کی کل تعداد 28084 ہو چکی ہے۔
حکومتی اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں اب تک سات لاکھ 24 ہزار 577 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں جن کی شرح باسٹھ اعشاریہ سات دو فی صد بنتی ہے۔
یورپی رہنما 750 بلین یورو کے کرونا اقتصادی بحالی پیکج پر متفق
یورپی ملکوں کے رہنماؤں نے کرونا وائرس سے متعلق اقتصادی بحالی کے منصوبے کے لیے 750 بلین یورو کے پیکج پر اتفاق کر لیا ہے۔
بیلجئم کے دارالحکومت برسلز میں جاری چار روزہ مذاکرات کے بعد یورپی یونین کے رہنماؤں نے منگل کو اقتصادی پیکج کے ایک معاہدے پر اتفاق کیا ہے۔
اس سے قبل کئی ملکوں کے رہنما اپنے اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے تھے اور کسی نتیجے پر نہ پہنچنے کے باعث یہ مذاکرات چار دن اور چار راتوں تک جاری رہے۔
ستائیس ملکوں پر مشتمل یورپی یونین کے مذاکرات کے دوران نیدر لینڈ نے کئی مواقعوں پر اجلاس سے واک آؤٹ کی بھی دھمکی دی۔ تاہم جرمنی اور فرانس نے رہنماؤں کو کسی معاہدے پر متفق ہونے کے لیے اہم کردار ادا کیا۔