یورپی رہنما 750 بلین یورو کے کرونا اقتصادی بحالی پیکج پر متفق
یورپی ملکوں کے رہنماؤں نے کرونا وائرس سے متعلق اقتصادی بحالی کے منصوبے کے لیے 750 بلین یورو کے پیکج پر اتفاق کر لیا ہے۔
بیلجئم کے دارالحکومت برسلز میں جاری چار روزہ مذاکرات کے بعد یورپی یونین کے رہنماؤں نے منگل کو اقتصادی پیکج کے ایک معاہدے پر اتفاق کیا ہے۔
اس سے قبل کئی ملکوں کے رہنما اپنے اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے تھے اور کسی نتیجے پر نہ پہنچنے کے باعث یہ مذاکرات چار دن اور چار راتوں تک جاری رہے۔
ستائیس ملکوں پر مشتمل یورپی یونین کے مذاکرات کے دوران نیدر لینڈ نے کئی مواقعوں پر اجلاس سے واک آؤٹ کی بھی دھمکی دی۔ تاہم جرمنی اور فرانس نے رہنماؤں کو کسی معاہدے پر متفق ہونے کے لیے اہم کردار ادا کیا۔
- By ضیاء الرحمن
پنجاب میں عیدالاضحٰی سے قبل بازار اور شاپنگ مالز بند کرنے کا فیصلہ
حکومتِ پنجاب نے عیدالاضحٰی سے تین روز قبل صوبہ بھر کے تمام بازار اور شاپنگ مالز بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان یونس کے مطابق بازاروں کو بند کرنے کا فیصلہ کرونا وائرس کے اثرات کو کم سے کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
وائس آف امریکہ سے گفتگو میں سیکریٹری ہیلتھ پنجاب نے بتایا کہ اِس سے قبل عیدالفطر پر لوگوں نے کرونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کو اختیار نہیں کیا تھا جس کے باعث صوبے میں کرونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا تھا۔
محمد عثمان یونس کا کہنا تھا کہ اس عید قرباں سے قبل بازاروں کو بند کرنے کے قوائد و ضوابط کو آئندہ چند روز میں حتمی شکل دے دی جائے گی۔
دوسری جانب حکومتِ پنجاب نے صوبے کے چار شہروں کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ہے۔ سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن سیالکوٹ، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور گجرات کے اضلاع میں کیا گیا ہے۔
اِس سلسلے میں چاروں اضلاع کے لیے الگ الگ نوٹی فکیشن جاری کیے گئے ہیں جن کے مطابق لاک ڈاؤن 27 جولائی 2020 تک نافذ رہے گا۔
محکمۂ صحت کی جانب سے جاری کیے گئے مراسلے کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت بند کیے گئے علاقوں میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی دکانیں کھلی رہیں گی۔
نیپال کا بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا اعلان
نیپال نے کرونا وائرس کے باعث گزشتہ چار ماہ سے بند بین الاقوامی فضائی آپریشن بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نیپال کے ایک وزیر نے کہا ہے کہ 17 اگست سے بین الاقوامی پروازوں کو معمول کے آپریشن شروع کرنے کی اجازت ہو گی۔
نیپال میں کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد مارچ کے مہینے میں ملک گیر لاک ڈاؤن کیا گیا تھا اور فضائی آپریشن معطل کیے گئے تھے۔ نیپال میں اب تک 'کووڈ 19' کے 17 ہزار 844 مریض سامنے آ چکے ہیں جب کہ کرونا سے 40 اموات بھی ہوئی ہیں۔
شمالی کوریا کا ملک میں کرونا کیس نہ ہونے کے باوجود ویکسین بنانے کا اعلان
شمالی کوریا کا یہ دعویٰ رہا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کا تاحال کوئی کیس سامنے نہیں آیا لیکن حیران کن طور پر پیانگ یانگ نے ویکسین بنانے کی دوڑ میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے۔
امریکہ، برطانیہ، چین اور دیگر ممالک میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری سے کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کے ٹرائلز کا سلسلہ جاری ہے۔
شمالی کوریا کے سرکاری کمیشن برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز کا سلسلہ جاری ہے جب کہ بہت جلد اس کی انسانوں پر آزمائش کا عمل بھی شروع ہو جائے گا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کرونا کا کوئی کیس نہ ہونے کے باوجود ویکسین کی تیاری کے ذریعے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان عوام کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ ہر طرح کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔