افغانستان میں کرونا کے 35 ہزار سے زائد کیسز، 23 ہزار مریض صحت یاب
افغانستان کی وزارتِ صحت نے منگل کو 'کووڈ 19' کے 112 نئے کیسز رپورٹ کیے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے ان نئے کیسز کے ساتھ ملک میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی کل تعداد 35 ہزار 615 ہو گئی ہے۔
وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 1186 ہو چکی ہے جب کہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 23 ہزار سے زائد ہے۔
کرونا وائرس کی ویکسینوں کے مریضوں پر مثبت اثرات
دنیا بھر میں کرونا وائرس سے ایک کروڑ 47 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں اور اس وبا سے اب تک ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد چھ لاکھ 10 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے خلاف محفوظ اور مؤثر ویکسین کی تیاری میں پیش رفت ہوئی ہے۔
اب تک تجرباتی طور پر دو ویکسینیں تیار کی گئی ہیں۔ ان میں سے ایک برطانیہ کی 'آکسفورڈ یونیورسٹی' اور برطانوی-سویڈش دوا ساز کمپنی 'ایسٹرا زینیکا' کے اشتراک سے تیار کی گئی ہے۔
دوسری ویکسین چینی دوا ساز کمپنی 'کین سینو بائیو لوجکس' نے تیار کی ہے۔ برطانیہ کے میڈیکل جرنل 'دی لینسٹ' میں پیر کو شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق ان دونوں ویکسینوں کی مریضوں پر جانچ کے دوران کرونا کے مریضوں کے مدافعتی نظام میں بہتری کے آثار سامنے آئے ہیں۔
پاکستان میں 38 اموات، 1332 نئے کیسز