رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

10:11 22.7.2020

امریکہ: جون کے بعد یومیہ ریکارڈ اموات

فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار ایک ہزار سے زیادہ مریض دم توڑ گئے ہیں۔ جون کے اوائل کے بعد سے امریکہ میں ہلاکتوں کی یہ ریکارڈ تعداد ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق 19 جولائی کو ختم ہونے والے اختتامِ ہفتہ کے دوران امریکہ میں کرونا وائرس کے 5200 مریض ہلاک ہوئے جو اس سے قبل ایک ہفتے کے دوران ہلاک ہوانے والے افراد کے مقابلے میں پانچ فی صد زیادہ تعداد ہے۔

امریکہ میں اپریل میں کرونا سے مرنے والے کی تعداد دو ہزار سے زیادہ، مئی میں لگ بھگ 1300 اور جون میں 800 کے اندر اندر تھیں۔ تاہم جون کے اوائل کے بعد پہلی مرتبہ ایک روز کے دوران ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔

امریکہ میں تقریباً ایک لاکھ 42 ہزار افراد اب تک کرونا وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

11:38 22.7.2020

کرونا کے مریضوں کی تعداد ڈیڑھ کروڑ سے متجاوز

فائل فوٹو
فائل فوٹو

دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد ڈیڑھ کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے اعداد و شمار کے مطابق بدھ کو کرونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 50 لاکھ نو ہزار 213 ہو چکی ہے جب کہ چھ لاکھ 16 ہزار اموات ہو چکی ہیں۔

وائرس سے متاثرہ ملکوں کی فہرست میں امریکہ بدستور پہلے نمبر پر ہے۔ لاطینی امریکہ کا ملک برازیل دوسرے، بھارت تیسرے اور روس اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے۔

امریکہ میں کووڈ 19 کا شکار مریضوں کی تعداد 39 لاکھ دو ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔

14:54 22.7.2020

بھارت میں 37 ہزار سے زائد نئے کیسز، امرناتھ یاترا منسوخ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیشِ نظر ہندو زائرین کی سالانہ امرناتھ یاترا منسوخ کر دی ہے۔

بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں ہندوؤں کے بھگوان شِو سے منسوب ایک غار ہے جسے امرناتھ غار کہا جاتا ہے۔ ہندو زائرین ہر سال اس غار کی زیارت کے لیے کشمیر جاتے ہیں۔

بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 37 ہزار 724 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں کرونا کیسز کی مجموعی تعداد 12 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

زائرین کو امرناتھ یاترا پر لے جانے والے ادارے کے منتظمین نے کہا ہے کرونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافے کو دیکھتے ہوئے یاترا منسوخ کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں بھی سخت لاک ڈاؤن نافذ ہے۔ لوگوں کو گھروں سے بلا ضرورت باہر نکلنے کی اجازت نہیں جب کہ دکانیں اور کاروباری مراکز بھی بند ہیں۔

15:06 22.7.2020

قطر کا یکم اگست سے سرحدیں کھولنے کا اعلان

قطر نے غیر ملکی شہریوں کے لیے اپنی سرحدیں کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ قطر کی حکومت کی طرف جسے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ خلیجی ملک غیر ملکی شہریوں اور قطر میں مستقل مقیم غیر ملکیوں کے لیے اپنی سرحدیں یکم اگست سے کھول دے گا۔

قطر کی حکومت کے ابلاغی ادارے نے بدھ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ جن ملکوں میں کرونا وائرس کا خطرہ کم ہے ان کے شہریوں کو قطر آنے کی اجازت ہو گی لیکن ایئرپورٹ پر ان کا کرونا ٹیسٹ کیا جائے گا اور انہیں ایک ہفتہ قرنطینہ میں رہنا ہو گا۔

بیان کے مطابق بیرون ملک سے قطر آنے والوں کو سات روز قرنطینہ میں رہنے کے بعد دوبارہ کرونا ٹیسٹ کرانا ہو گا جس کے بعد انہیں آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت ہو گی۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG