میکسیکو کے صدر کا ماسک پہننے سے انکار
میکسیکو کے صدر آندرس مینوئل لوپیز نے کہا ہے کہ اگر ماسک معیشت کی دوبارہ بحالی کے لیے ایک آپشن ہوتا تو میں یقیناً ماسک پہنتا لیکن ایسا نہیں ہے۔ میں ڈاکٹرز اور ماہرین صحت کے مشوروں پر عمل کرتا ہوں۔
آندرس مینوئل کو کرونا وبا کی ابتدا سے ہی عوامی تقریبات میں ماسک پہنے ہوئے نہیں دیکھا گیا حتیٰ کہ رواں ماہ کے شروع میں وہ واشنگٹن بھی گئے تھے جہاں انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات کی تھی۔
عالمی ادارہ صحت نے کووڈ 19 سے بچنے کے لیے جہاں دیگر اقدامات اپنانے پر زور دیا ہے وہیں وبائی امراض سے بچنے کے لیے ماسک کو لازمی قرار دیا ہے۔
میکسیکو کے صدر کی عمر 66 برس ہے، اس عمر میں قوت مدافعت کم ہونے کی وجہ سے کسی بھی مرض کے پھیلنے کا خطرہ نسبتاً زیادہ ہوتا ہے۔
بھارت میں ایک دن میں ریکارڈ اموات اور کیسز رپورٹ
بھارت میں ایک روز کے دوران کرونا وائرس کے ریکارڈ کیسز اور اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
بھارت کی وزارتِ صحت کی جانب سے جمعرات کو جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس کے 45 ہزار 720 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ ایک دن میں ایک ہزار 129 مریض ہلاک بھی ہوئے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ تمام کیسز بدھ کو اچانک سامنے آئے ہیں جو کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والا اچانک اور تیز رفتار اضافہ ہے۔
بھارت میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 40 ہزار ہو گئی ہے جب کہ اس وبا کا شکار ہو کر مرنے والوں کی تعداد 29 ہزار 861 تک پہنچ گئی ہے۔
بھارت امریکہ اور برازیل کے بعد دنیا کا تیسرا ملک ہے جہاں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔
امریکہ میں مزید 1100 سے زائد افراد ہلاک
امریکہ میں بدھ کو کرونا وائرس سے مزید 1100 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ جون کے اوائل کے بعد سے یہ دوسرا موقع ہے کہ ایک روز کے دوران کرونا وائرس سے 1000 سے زائد اموات ہوئی ہیں۔
ریاست الاباما، کیلی فوریا، نیواڈا اور ٹیکساس میں بھی ایک دن کے دوران ہونے والی اموات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
بدھ کو سب سے زیادہ 197 اموات ریاست ٹیکساس میں ہوئیں جب کہ کیلی فورنیا میں 159، فلوریڈا میں 140 اور اوہائیو میں 106 افراد ہلاک ہوئے۔
امریکہ میں کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 1 لاکھ 43 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اور لگ بھگ 40 لاکھ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
روس میں کرونا کیسز آٹھ لاکھ کے قریب
روس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے پانچ ہزار 848 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد سات لاکھ 95 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
روس کرونا سے متاثرہ ملکوں میں بالترتیب امریکہ، برازیل اور بھارت کے بعد چوتھے نمبر پر ہے جہاں اب تک 12 ہزار سے زائد افراد اس وبا میں مبتلا ہو کر ہلاک ہو چکے ہیں۔
روس میں کرونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد پانچ لاکھ 70 ہزار سے زیادہ ہے۔