پاکستان میں مزید 54 اموات، 1209 نئے کیسز بھی رپورٹ
کرونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد محمد عامر انگلینڈ روانہ
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر محمد عامر انگلینڈ روانہ ہو گئے ہیں۔
محمد عامر کرونا وائرس کے دو ٹیسٹ منفی آنے کے بعد جمعے کی صبح لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے انگلینڈ کے لیے روانہ ہوئے ہیں جو وہاں پہنچ کر چند روز قرنطینہ میں رہنے کے بعد ٹیم کو جوائن کریں گے۔
محمد عامر کے انگلینڈ میں بھی کرونا وائرس کے دو ٹیسٹ ہوں گے جن کا منفی آنا ضروری ہے۔
یاد رہے کہ محمد عامر نے اپنے بچے کی متوقع ولادت کے باعث دورۂ انگلینڈ سے دست بردار ہونے کا اعلان کیا تھا۔
بھارت میں ایک روز کے دوران ریکارڈ کیسز
بھارت میں جمعے کو ایک مرتبہ پھر کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 49 ہزار 310 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو یہ ایک دن میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
وفاقی وزارتِ صحت نے جمعے کو بتایا کہ بھارت میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 87 ہزار ہو گئی ہے۔
بھارت میں کووڈ 19 کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافے کا جمعے کو دوسرا روز ہے۔
کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں کوئی کردار نہیں: بل گیٹس
ارب پتی امریکی تاجر اور مائیکرو سافٹ کمپنی کے مالک بل گیٹس نے کہا ہے کہ وبائی مرض کرونا وائرس پھیلاؤ میں اُن کا کوئی کردار نہیں ہے۔ سوشل میڈیا اُن کے خلاف سازشی نظریات پھیلانے میں مصروف ہے۔
بل گیٹس نے جمعرات کو امریکی نشریاتی ادارے 'سی این این' کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ وبائی مرض کے پھیلنے کے بعد سوشل میڈیا پر ان سے متعلق طرح طرح کی باتیں کی جا رہی ہیں اور ان سازشی نظریات کا ایک طویل سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا فلیٹ فارمز پر ان کے خلاف من گھڑت خبریں، مضامین اور توڑ مروڑ کر بنائی گئی تصاویر ہزاروں بار شیئر کی گئی ہیں۔
بل گیٹس کے بقول متعدد زبانوں میں پیغام رسانی کے لیے استعمال کی جانے والی ایپس کے ذریعے اُنہیں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور یہ سلسلہ اسی وقت سے جاری ہے جب سے کرونا وائرس دنیا بھر میں پھیلا ہے۔