بھارت میں 48 ہزار نئے کیسز، 768 اموات
بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 48 ہزار 513 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ وبا کے شکار 768 مریض دم توڑ گئے ہیں۔
بھارت کرونا وائرس سے دنیا بھر میں تیسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ جہاں اس وبا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 15 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ 33 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
کرونا وائرس میں مبتلا صدور، وزرائے اعظم اور شہزادے
بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے کہا ہے کہ اُن کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا لیکن اس کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں اور اب وہ اس سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
کم از کم چار ملکوں کے وزرائے اعظم اس وبا کی زد میں آ چکے ہیں جن میں برطانیہ کے بورس جانسن، گنی بساؤ کے نونو گومز نابیام، روس کے میخائل میشوسٹن اور آرمینیا کے نکول پشینیان شامل ہیں۔
اسی طرح تین ملکوں کے شاہی خاندانوں کے ارکان کو کرونا وائرس لاحق ہو چکا ہے جن میں موناکو کے حکمران شہزادہ البرٹ دوم، برطانیہ کے ولی عہد شہزادہ چارلس اور بیلجیم کے شاہ فلپس کے بھتیجے شہزادہ یوچم شامل ہیں۔
کرونا وائرس کی دو ممکنہ ویکسینز کی حتمی آزمائش
امریکہ میں کرونا وائرس کی دو ممکنہ ویکسینز کی وسیع پیمانے پر حتمی آزمائش کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ اُن کے محفوظ اور مؤثر ہونے کا یقین کیا جا سکے۔
امریکہ میں مجموعی طور پر 30 ہزار صحت مند رضاکاروں کو یہ ویکسین کئی ہفتوں کے وقفے سے دو بار لگائی جائے گی۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الرجی اینڈ انفیکشس ڈیزز کے سربراہ ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے صحافیوں کو بتایا کہ آخری مرحلے کی آزمائش کے ابتدائی نتائج نومبر تک معلوم ہوجائیں گے۔ اگر آزمائش کامیاب رہی تو موڈرنا ہر سال ویکسین کی 50 کروڑ خوراکیں فراہم کرے گی، جبکہ اسے امید ہے کہ وہ سالانہ ایک ارب خوراکیں بنانے کے قابل ہوجائے گی۔
افغانستان میں نئے کیسز کی شرح میں کمی
افغانستان کی وزارتِ صحت نے بدھ کے روز کرونا وائرس کے مزید 105 کیسز کے اضافے کی تصدیق کی ہے۔
افغانستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد 36473 ہو گئی ہے۔
وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے مقابلے میں کرونا وائرس کے نئے مثبت کیسز کی شرح میں کمی ہوئی ہے۔
نگران وزیرِ صحت ڈاکٹر احمد جواد عثمانی نے خبردار کیا ہے کہ اگر احتیاطی تدابیر کا خیال نہ رکھا گیا تو کیسز کی تعداد میں دوبارہ اضافہ ہو سکتا ہے۔
انہوں نے اندیشہ ظاہر کیا کہ عید پر جانوروں کی قربانیوں پر کانگو بخار کی وبا پھیل سکتی ہے۔