رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

12:44 31.7.2020

برطانیہ: وبا کی دوسری لہر کا خدشہ، شمالی انگلینڈ میں لاک ڈاؤن

فائل فوٹو
فائل فوٹو

برطانیہ نے کرونا وائرس کی دوسری لہر کے خدشے کے پیشِ نظر انگلینڈ کے شمالی علاقوں میں سخت لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ہے۔

برطانیہ میں جمعرات کو ایک ماہ سے زائد عرصے کے دوران کرونا وائرس کے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 846 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو 28 جون کے بعد کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

شمالی انگلینڈ کے بڑے شہر مانچسٹر کے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گھروں میں ہی رہیں جب کہ مغربی یارک شائر اور مشرقی لنکا شائر کے مکینوں کو کہا گیا ہے کہ وہ شراب خانوں اور اپنے کاموں کو جا سکتے ہیں۔

برطانیہ کے وزیرِ صحت میٹ ہینکوک نے کہا ہے کہ وہ لاک ڈاؤن کے باعث عوام کی مشکلات کا ادراک رکھتے تھے تاہم وبا کے تیزی سے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے بدقسمتی سے ایسا کرنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم یورپ میں کرونا وائرس کی دوسری لہر دیکھ رہے ہیں جس کے لیے ہمیں ایکشن لینے کی ضرورت ہے۔

14:06 31.7.2020

ہانگ کانگ میں کرونا کے مزید 121 کیس رپورٹ

ہانگ کانگ میں جمعے کو کرونا وائرس کے مزید 121 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد یہاں وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 3100 ہو گئی ہے۔

جمعرات کو ہانگ کانگ میں ایک ہی دن میں سب سے زیادہ 149 کیس رپورٹ ہوئے تھے۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ہانگ کانگ میں مقامی سطح پر کیسز کی منتقلی میں اضافہ تشویش ناک ہے۔

جمعے کو رپورٹ ہونے والے 121 کیسز میں 118 مقامی سطح پر منتقل ہوئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ہانگ کانگ میں یہ وائرس کی تیسری لہر ہے۔ رواں ماہ وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی آئی ہے۔

14:21 31.7.2020

سماجی فاصلوں کے باعث موسمی فلو کے کیسز میں بھی ریکارڈ کمی

ماہرین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سماجی فاصلے رکھنے سے موسمی فلو کے کیسز میں بھی کمی آئی ہے۔

مختلف ملکوں کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق کرونا کے لیے کی جانے والی احتیاطی تدابیر دیگر بیماریوں سے بچنے میں بھی معاون ثابت ہو رہی ہیں۔

چینی حکام کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے نفاذ سے قبل ملک میں ہر ماہ موسمی فلو اور دیگر وبائی امراض کے دو لاکھ نوے ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوتے تھے جو اب کم ہو کر صرف 23 ہزار کے لگ بھگ رپورٹ ہو رہے ہیں۔

جن امراض کی شرح میں واضح کمی آئی ہے ان میں موسمی انفلوائنز، خسرہ اور دیگر وائرل انفیکشنز شامل ہیں۔

کینیڈا، آسٹریلیا اور امریکہ میں صحت کے حکام نے بھی تصدیق کی ہے کہ موسمی فلو کے کیسز میں حالیہ مہینوں کے دوران خاطر خواہ کمی آئی ہے۔

جنوبی کوریا میں وبائی امراض سے متعلق پورٹل کے مطابق موسمی فلو کے کیسز کی شرح میں گزشتہ سال کی نسبت 83 فی صد تک کمی آئی ہے۔

15:41 31.7.2020

ویتنام میں کرونا سے پہلی ہلاکت: سرکاری میڈیا

ویتنام کے سرکاری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کے باعث جمعے کو پہلی ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔

ویتنام میں 99 روز کے طویل وقفے کے بعد چند روز قبل دوبارہ وائرس نے سر اُٹھایا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ وائرس سے ہلاک ہونے والے شخص کی عمر 70 سال اور گردے کے امراض کی وجہ سے اسپتال میں زیرِ علاج تھے جہاں اُن میں کرونا کی بھی تشخیص ہوئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں لگ بھگ چھ مریضوں کی کرونا کے باعث حالت تشویش ناک ہے۔

ویتنام میں جمعے کو کرونا کے مزید 45 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ ملک بھر میں وائرس کے مجموعی کیس 500 سے بڑھ چکے ہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG