جمعے کو دنیا بھر میں ریکارڈ دو لاکھ 92 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے: ڈبلیو ایچ او
عالمی ادارہ صحت کے مطابق جمعے کو کرونا وائرس کے ایک دن میں ریکارڈ دو لاکھ 92 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے جبکہ اس وبا سے 6 ہزار 812 افراد ہلاک ہوئے۔
اس سے قبل 24 جولائی کو دنیا میں ایک ہی روز دو لاکھ 84 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے تھے۔
ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ امریکہ، بھارت، برازیل اور جنوبی افریقہ میں زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس سے 6812 مریض ہلاک ہوئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں سال جون میں کرونا وائرس سے ایک دن میں ہونے والی ہلاکتوں کی اوسطً تعداد 4600 تھی جو جولائی میں 5200 ہلاکتوں تک پہنچ گئی ہے۔
دنیا بھر میں اب تک کرونا وائرس سے 1 کروڑ 70 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں جب کہ اس مہلک وبا سے لگ بھگ 6 لاکھ 75 ہزار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
بھارت میں مزید 57 ہزار سے زائد کیس رپورٹ
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے ریکارڈ 57 ہزار 118 کیسز سامنے آئے جب کہ مزید 764 افراد مہلک وبا کے باعث ہلاک ہوئے ہیں۔
بھارت میں مصدقہ مریضوں کی تعداد 16 لاکھ 95 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ مجموعی طور پر 36 ہزار 511 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
دوسری طرف بھارت میں اس وبا سے اب تک 11 لاکھ افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
بھارت میں اب تک ایک کروڑ 93 لاکھ سے زائد افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جب کہ مثبت کیسز کی شرح 8.57 فی صد ہے۔
متحدہ عرب امارات مزید 283 کیس رپورٹ
متحدہ عرب امارات میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 283 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ دو افراد اس وبا سے ہلاک ہوئے ہیں۔
وزارتِ صحت کے مطابق متحدہ عرب امارات میں اب تک 60 ہزار 506 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے۔ جب کہ اس وبا سے 351 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
سرکاری نیوز ایجنسی ‘وام’ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے اضافی 54 ہزار 727 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ وبا سے اب تک 53 ہزار 909 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
انڈونیشیا میں مزید 1500 سے زائد افراد میں کرونا کی تصدیق
انڈونیشیا میں ہفتے کو مزید 1500 سے زائد کرونا کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 10 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
انڈونیشیا میں وائرس سے اب تک 67 ہزار سے زائد افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے سبب 62 افراد ہلاک ہوئے جب کہ اس مہلک وبا سے انڈونیشیا میں مجموعی طور پر پانچ ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔