پاکستان میں دو لاکھ 56 ہزار مریض کرونا سے صحت یاب
پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی شناخت کے لیے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 15 ہزار ٹیسٹس کیے گئے جن میں سے 727 مثبت آئے ہیں۔ ملک میں کرونا وائرس سے بدھ کو 21 اموات بھی ہوئی ہیں۔
پاکستان میں کرونا کیسز دو لاکھ 81 ہزار 863 ہیں جن میں سے دو لاکھ 56 ہزار صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ 6035 اموات ہوئی ہیں۔
پنجاب میں صنعتیں پوری استعداد سے کھولنے کا فیصلہ
پاکستان کے صوبۂ پنجاب میں کرونا وائرس کی صورتِ حال میں بہتری آنے کے بعد صوبائی حکومت نے صنعتوں کے اوقاتِ کار بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبہ بھر میں قائم تمام صنعیتں اب 24 گھنٹے کام کر سکیں گی۔
اِس سلسلے میں سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان یونس نے نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے جس کے تحت صوبہ بھر کی تمام صنعتیں اور کارخانے پورا ہفتہ 24 گھنٹے کام کر سکیں گے۔ تعمیرات سے متعلقہ تمام شعبۂ جات اور کاروبار بھی پورے ہفتہ کام کریں گے۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے جاری کردہ قواعد و ضوابط پر عمل کرتے ہوئے ہی کاروبار کھولا جا سکے گا۔ حفاظتی تدابیر اختیار نہ کرنے والوں کے کاروبار فوراً بند کر دیے جائیں گے۔
نوٹی فکیشن کا اطلاق فوری طور پر نافذ العمل ہو گا۔