افریقہ میں کرونا کیسز 10 لاکھ سے زیادہ
براعظم افریقہ کے مختلف ملکوں میں کرونا کیسز کی مجموعی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ افریقی ملکوں میں سب سے زیادہ کیسز جنوبی افریقہ سے سامنے آئے ہیں۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے اعداد و شمار کے مطابق افریقہ بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد جمعے کو 10 لاکھ 10 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جب کہ اس خطے میں عالمی وبا کا شکار ہو کر مرنے والوں کی تعداد 22 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔
افغانستان میں 78 نئے کیسز، 25 ہزار مریض صحت یاب
افغان وزارتِ صحت نے جمعے کو کرونا وائرس کے 78 نئے کیس رپورٹ کیے ہیں۔ وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق 'کووڈ 19' سے ہونے والی اموات کی تعداد 1307 ہے جب کہ 25 ہزار 903 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
نگران وزیرِ صحت احمد جواد عثمانی نے لویہ جرگہ کے شرکا کو بتایا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کی صورتِ حال بہتر ہو رہی ہے اور کیسز کی تعداد کم ہو رہی ہے۔ انہوں نے جرگے کے شرکا کو بھی حفاطتی قواعد و ضوابط پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
امریکہ میں اب تک دو لاکھ 65 ہزار سے زیادہ بچے کرونا میں مبتلا ہو چکے ہیں
امریکہ میں کرونا وائرس اب بچوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے۔ وبائی امراض کے کنٹرول کے وفاقی ادارے سی ڈی سی نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ اسپتال میں داخل کرائے جانے والے بچوں میں سفید فام بچوں کے مقابلے میں ہسپانوی نسل کے بچوں کی تعداد 8 گنا زیادہ ہے۔ اسی طرح سیاہ فام بچوں کی تعداد بھی سفید فام بچوں کے مقابلے میں 5 گنا زیادہ ہے۔
بدھ کو جاری ہونے والے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ میں کرونا وائرس کے 50 لاکھ سے زیادہ کیسز میں بچوں کی تعداد جن کی عمریں 17 سال سے کم ہیں، 2 لاکھ 65 ہزار ہے۔
رپورٹ کے مطابق بچے کرونا وائرس کا بہتر طور پر مقابلہ کر رہے ہیں اور ان میں شفایاب ہونے کی شرح نمایاں طور پر اونچی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں عالمی وبا سے اب تک ہونے والی ایک لاکھ 60 ہزار سے زیادہ ہلاکتوں میں بچوں کی تعداد ایک فی صد سے کم ہے۔