بھارت میں 871 اموات، 53 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ
بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار 871 مریض دم توڑ گئے ہیں جب کہ ملک میں 53 ہزار 601 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
بھارت کی وزارتِ صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کرونا وائرس کے سبب ہلاکتوں کی کل تعداد 45 ہزار 257 ہو گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں کرونا وائرس کے کل کیسز کی تعداد 22 لاکھ 68 ہزار 675 ہو گئی ہے۔ حکام کے مطابق 15 لاکھ 83 ہزار 489 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
برازیل میں کیسز کی تعداد 30 لاکھ سے تجاوز کر گئی
امریکہ کے بعد کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک برازیل میں پیر کو کرونا وائرس کے 22 ہزار 48 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں 703 مریض اس مہلک وبا سے ہلاک ہوئے۔
برازیل میں اب تک 30 لاکھ 57 ہزار 470 افراد میں ‘کووڈ 19’ کی تشخیص ہو چکی ہے۔ اس مہلک وبا سے ایک لاکھ ایک ہزار 752 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
میکسیکو میں چوبیس گھنٹوں میں 5 ہزار سے زائد نئے کیسز
لاطینی امریکہ کے ملک میکسیکو میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے پانچ ہزار 558 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
میکسیکو میں عالمی وبا کے شکار مزید 705 مریض دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد کرونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 53 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
امریکہ اور برازیل کے بعد 'کووڈ 19' سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک میکسیکو میں اب تک چار لاکھ 85 ہزار 836 مصدقہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
پاکستان میں 15 اموات، 531 افراد میں وائرس کی تشخیص
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار 15 مریض ہلاک ہو گئے جب کہ ملک میں 531 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں عالمی وبا سے ہلاکتوں کی کل تعداد چھ ہزار 112 تک پہنچ گئی ہے۔
حکام کے مطابق پاکستان میں کیسز کی کل تعداد دو لاکھ 85 ہزار 183 ہے جن میں سے دو لاکھ 61 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔