پاکستان میں 17 اموات، 730 نئے کیسز رپورٹ
امریکی حکومت کا کرونا کی ویکسین کے لیے'موڈرنا' کے ساتھ معاہدہ
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وفاقی حکومت اور امریکی بائیو ٹیکنالوجی کمپنی ‘موڈرنا’ کے درمیان کرونا ویکسین کی 10 کروڑ خوراکیں فراہم کرنے کا معاہدہ ہو گیا ہے۔
منگل کو وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے بتایا کہ ویکسین کی یہ خوراکیں وفاقی حکومت کی ملکیت ہوں گی اور وہ انہیں خرید رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ کے مطابق کرونا ویکسین کی منظوری ملتے ہی 10 کروڑ خوراکیں فراہم کی جائیں گی جب کہ پانچ کروڑ خوراکیں فوری طور پر دستیاب ہوں گی۔
یاد رہے کہ امریکہ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ جہاں عالمی وبا سے اب تک 51 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں جب کہ ایک لاکھ 64 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
پنجاب میں میٹرو بس سروس بحال
پاکستان کے صوبے پنجاب کی حکومت نے لاہور، راولپنڈی اور اسلام آباد میں چلنے والی میٹرو بس سروس بحال کر دی ہے۔
میٹرو بس سروس کو کرونا وائرس کے سبب رواں برس مارچ میں بند کر دیا گیا تھا۔
حکومتِ پنجاب نے جڑواں شہروں (اسلام آباد و راولپنڈی) اور لاہور میں چلنے والی میٹرو بس سروس کے لیے قواعد و ضوابط جاری کیے ہیں۔
مسافروں کے میٹرو بس میں کھڑے ہو کر سفر کرنے پر پابندی ہو گی اور وہ سیٹ پر بیٹھ کر سفر کرنے کے پابند ہوں گے جب کہ مسافروں کے لیے دورانِ سفر ماسک پہننا لازم ہو گا۔
حکام کے مطابق میٹرو بس سروس کی بحالی سے قبل بسوں کو ڈس انفیکٹ کیا گیا تھا۔
نیوزی لینڈ: کرونا وائرس کے چار کیس رپورٹ ہونے پر دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ
نیوزی لینڈ کے سب سے بڑے شہر آکلینڈ میں منگل کو کرونا وائرس کے چار کیسز سامنے آنے کے بعد تین روز کے لیے لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔
آکلینڈ میں ایک ہی خاندان کے چار افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔ جن میں سے کسی بھی فرد نے حال ہی میں سفر نہیں کیا ہے۔
نیوزی لینڈ میں 102 روز کے بعد مقامی منتقلی کے نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد بدھ سے آکلینڈ میں دوبارہ لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم جیسنڈا آرڈرن نے نئے کیسز رپورٹ ہونے کی وجہ سے پارلیمنٹ کی تحلیل بھی پیر تک کے لیے ملتوی کر دی ہے۔