پاکستان میں 753 نئے کیسز، کرونا سے مزید 10 اموات
پاکستان میں بدھ کو 19 ہزار سے زائد کرونا ٹیسٹس کیے گئے جن میں سے 753 مثبت آئے ہیں۔ ملک میں مریضوں کی مجموعی تعداد دو لاکھ 86 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
پاکستان میں کرونا کے 783 مریضوں کی حالت نازک ہے جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے 10 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد عالمی وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 6139 ہو گئی ہے۔
امریکہ میں مریض 52 لاکھ کے قریب پہنچ گئے
امریکہ میں کرونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 52 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔
'جانز ہوپکنز یونیورسٹی' کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران امریکہ میں کرونا وائرس کے مزید 55 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 51 لاکھ 97 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
امریکہ میں کرونا وائرس سے ایک لاکھ 66 ہزار ہلاکتیں بھی ہو چکی ہیں۔
برازیل میں 55 ہزار سے زائد نئے کیسز، اموات ایک لاکھ چار ہزار سے زیادہ
دنیا بھر میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملکوں کی فہرست میں برازیل دوسرے نمبر پر ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 55 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ملک میں 'کووڈ 19' کیسز کی مجموعی تعداد 31 لاکھ 64 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ اموات ایک لاکھ چار ہزار سے زائد ہو چکی ہیں۔
نیوزی لینڈ میں مقامی منتقلی کے مزید 13 کیسز رپورٹ
نیوزی لینڈ میں جمعرات کو 13 ایسے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جنہیں کرونا وائرس مقامی طور پر منتقل ہوا ہے۔ کرونا وائرس کے نئے مریض سامنے آنے کے بعد نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم جسینڈا آرڈرن نے سخت لاک ڈاؤن کا عندیہ دیا ہے۔
نیوزی لینڈ میں بدھ کو 14 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 13 مقامی منتقلی کے تھے جب کہ ایک شخص بیرونِ ملک سے نیوزی لینڈ پہنچا تھا۔
نیوزی لینڈ میں 'کووڈ 19' کے نئے کیسز سامنے کا سلسلہ ایسے وقت میں شروع ہوا ہے جب ملک میں کچھ ہفتوں بعد عام انتخابات ہونے والے ہیں۔
وزیرِ اعظم جسینڈا آرڈرن نے جمعرات کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہ یاد رکھنا ہوگا کہ یہ وائرس کس قدر خطرناک ہے کیوں کہ یہ بہت جلد پھیلتا ہے۔ اس پر جتنی جلدی قابو پالیا جائے، اتنا ہی بہتر ہے۔
خیال رہے کہ نیوزی لینڈ میں اب تک کرونا وائرس کے 1238 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ اب تک 22 افراد اس مرض کے ہاتھوں اپنی جان گنوا چکے ہیں۔ ملک میں ایکٹو کیسز کی تعداد 36 ہو گئی ہے۔