رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

15:22 13.8.2020

نیوزی لینڈ میں مقامی منتقلی کے مزید 13 کیسز رپورٹ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

نیوزی لینڈ میں جمعرات کو 13 ایسے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جنہیں کرونا وائرس مقامی طور پر منتقل ہوا ہے۔ کرونا وائرس کے نئے مریض سامنے آنے کے بعد نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم جسینڈا آرڈرن نے سخت لاک ڈاؤن کا عندیہ دیا ہے۔

نیوزی لینڈ میں بدھ کو 14 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 13 مقامی منتقلی کے تھے جب کہ ایک شخص بیرونِ ملک سے نیوزی لینڈ پہنچا تھا۔

نیوزی لینڈ میں 'کووڈ 19' کے نئے کیسز سامنے کا سلسلہ ایسے وقت میں شروع ہوا ہے جب ملک میں کچھ ہفتوں بعد عام انتخابات ہونے والے ہیں۔

وزیرِ اعظم جسینڈا آرڈرن نے جمعرات کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہ یاد رکھنا ہوگا کہ یہ وائرس کس قدر خطرناک ہے کیوں کہ یہ بہت جلد پھیلتا ہے۔ اس پر جتنی جلدی قابو پالیا جائے، اتنا ہی بہتر ہے۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ میں اب تک کرونا وائرس کے 1238 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ اب تک 22 افراد اس مرض کے ہاتھوں اپنی جان گنوا چکے ہیں۔ ملک میں ایکٹو کیسز کی تعداد 36 ہو گئی ہے۔

19:10 13.8.2020

ملائیشیا: قرنطینہ احکامات کی خلاف ورزی پر بھارتی شہری کو قید کی سزا

فائل فوٹو
فائل فوٹو

ملائیشیا کی ایک عدالت نے قرنطینہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر ایک بھارتی شہری کو پانچ ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' نے ملائیشیا کے سرکاری خبر رساں ادارے 'برناما' کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ مذکورہ بھارتی شہری کو جمعرات کو سزا سنائی گئی ہے۔

اس شخص پر الزام تھا کہ اس نے بھارت سے واپسی کے بعد گھر میں 14 روز قرنطینہ میں رہنے کے احکامات کی خلاف ورزی کی جس کے باعث اس سے دیگر لوگوں میں بھی وائرس منتقل ہوا۔

مذکورہ شخص کی عمر 57 برس ہے جو ملائیشیا میں ہی رہائش پذیر اور ایک ریستوران کا مالک ہے۔ عدالت نے الزام ثابت ہونے پر اسے پانچ ماہ قید کے علاوہ 12 ہزار رنگٹ جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

اس سے قبل حکام نے کہا تھا کہ اس شخص کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ ابتدائی طور پر منفی آیا تھا جس کے بعد وہ قرنطینہ کے دوران ہی اپنے گھر سے ریستوران گیا تھا۔ جب اس شخص کا دوسرا ٹیسٹ مثبت آیا تو اس کے گھر والوں، ریستوران کے ملازمین اور گاہگوں کے ٹیسٹ بھی مثبت پائے گئے تھے۔

09:56 14.8.2020

نیوزی لینڈ: وبا کے پھیلنے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات

وزیرِ اعظم جیسنڈا آرڈرن۔ (فائل فوٹو)
وزیرِ اعظم جیسنڈا آرڈرن۔ (فائل فوٹو)

نیوزی کے سب سے بڑے شہر آکلینڈ میں تین ماہ بعد کرونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد محکمۂ صحت نے وبا کے پھیلنے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

محکمۂ صحت کے حکام خدشہ ظاہر کر رہے ہیں کہ آکلینڈ میں کشتی کے ذریعے آنے والے مزدوروں کی وجہ سے کرونا وائرس پھیلا ہے۔

آکلینڈ میں 102 روز کے بعد چار کیسز سامنے آئے تھے جس کی تعداد بڑھ کر 30 تک پہنچ گئی ہے۔

وزیرِ اعظم جیسنڈا آرڈرن نے وبا کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے آکلینڈ میں تین روز کے لیے لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا جس کی مدت جمعے کو ختم ہو رہی ہے۔

کرونا کیسز میں اضافے کو دیکھتے ہوئے وزیرِ اعظم جیسنڈا جمعے کو فیصلہ کریں گی کہ آیا لاک ڈاؤن میں توسیع کرنا ہے یا نہیں۔

10:55 14.8.2020

رام مندر کے پنڈت کا کرونا ٹیسٹ مثبت

رام مندر کی افتتاحی تقریب
رام مندر کی افتتاحی تقریب

بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ساتھ پانچ اگست کو ایودھیا میں رام مندر کی افتتاحی تقریب میں شریک 82 سالہ پنڈت نریتیہ گوپال داس کرونا کا شکار ہو گئے ہیں۔

نریندر مودی اور پنڈت نریتیہ گوپال داس کے علاوہ 170 شخصیات نے رام مندر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی تھی۔

گوپال داس کی کرونا رپورٹ مثبت آنے کے بعد اُنہیں دہلی کے قریب واقع ایک اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

ادھر ایک ٹی وی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ گوپال داس ایک موقع پر نریندر مودی کا ہاتھ بھی تھامے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ تقریب میں صرف انہی لوگوں کو شرکت کی اجازت ملی تھی جن کے کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی تھی۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG