نیوزی لینڈ میں کرونا وائرس کے مزید پانچ کیسز رپورٹ
نیوزی لینڈ میں جمعرات کو کرونا وائرس کے مزید پانچ نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس سے ایک روز پہلے چھ نئے تصدیق شدہ کیسز سامنے آئے تھے۔
نیوزی لینڈ میں عالمی وبا کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 1300 سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ 22 افراد اب تک ہلاک ہوئے ہیں۔
نیوزی لیںڈ میں اب بھی فعال کیسز کی تعداد 101 ہے جب کہ ملک کا سب سے بڑے شہر آکلینڈ میں وائرس کی دوسری لہر سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن کوششیں کی جا رہی ہیں۔
گزشتہ ہفتے آکلینڈ میں وبائی مرض سے متاثرین کی تعداد میں اچانک اضافہ ہو گیا تھا جس کے بعد 17 لاکھ آبادی والے اس شہر میں سخت پابندیاں عائد کر دی گئی تھیں۔
چین کا فٹ بال میچ میں تماشائیوں کو شرکت کی اجازت دینے پر غور
چین میں کرونا وائرس کے بعد کھیلوں کی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہونے جا رہی ہیں۔ اس حوالے سے 'چائنیز سپر لیگ' کے تحت ہفتے کو پہلا فٹ بال میچ ہو گا۔
لیگ کی انتظامیہ نے اس میچ میں محدود تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں جانے کی بھی اجازت دینے پر غور شروع کر دیا ہے۔
اگر تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں جانے کی اجازت ملتی ہے تو یہ میچ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد پہلا میچ ہو گا جس میں تماشائی شرکت کریں گے۔
چائنیز سپر لیگ 25 جولائی سے تماشائیوں کی شرکت کے بغیر، بند دروازوں میں کھیلی جا رہی ہے۔
ہفتے کو ہونے والے فٹ بال میچ میں تماشائیوں کی شرکت سے آئندہ ہونے والے میچز میں بھی تماشائیوں کی شرکت کی راہ ہموار ہو سکے گی۔
'جنوبی کوریا میں وائرس پوری شدت سے واپس آ رہا ہے'
جنوبی کوریا کے حکام نے کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز سے متعلق خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں وائرس پوری شدت سے واپس آ رہا ہے۔
جنوبی کوریا میں ہونے والے ایک مظاہرے کے بعد کرونا وائرس کے یومیہ کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ حکام کو خدشہ ہے کہ وائرس کا پھیلاؤ روکنے میں انہوں نے جو کامیابی حاصل کی تھی، اسے اب خطرہ ہو سکتا ہے۔
جنوبی کوریا میں امراض کی روک تھام کے ادارے 'کوریا سینٹرز فور ڈیزیز کنٹرول' کے مطابق بدھ کو کرونا وائرس کے 288 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ منگل کو 297 کیسز سامنے آئے تھے۔
جنوبی کوریا کے نائب وزیرِ صحت کِم گینگ لپ نے کہا ہے کہ یہ صورتِ حال خاصی تشویش ناک ہے۔
خیال رہے کہ جنوبی کوریا ان ملکوں میں شامل ہے جہاں چین کے بعد کرونا وائرس پھیلنا شروع ہوا تھا۔ تاہم بڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ اور حفاظتی تدابیر اختیار کر کے جنوبی کوریا میں وبا کو کنٹرول کر لیا گیا تھا۔
جنوبی کوریا میں کیسز کی مجموعی تعداد 16 ہزار سے زائد ہو چکی ہے جب کہ تین سو سے زائد اموات بھی ہوئی ہیں۔
روس میں اموات 16 ہزار سے متجاوز
روس میں کرونا وائرس سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 16 ہزار کا ہندسہ عبور کر گئی ہے۔
کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں امریکہ، برازیل اور بھارت کے بعد چوتھے نمبر موجود روس میں جمعرات کو مزید 110 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد 16 ہزار 99 ہو گئی ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق روس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4785 نئے کیسز بھی سامنے آئے ہیں۔ ملک میں کرونا کیسز کی مجموعی تعداد نو لاکھ 42 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔