بھارت میں متاثرین کی تعداد 29 لاکھ سے تجاوز کر گئی
بھارت میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 29 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ وفاقی وزارتِ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 68 ہزار سے زیادہ افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
حکام کے مطابق کرونا وائرس کے مزید 983 مریض دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد بھارت میں عالمی وبا سے مرنے والوں کی کل تعداد 54 ہزار 849 ہو گئی ہے۔
بھارت میں فعال کیسز کی تعداد چھ لاکھ 92 ہزار سے زیادہ ہے جب کہ اب تک 21 لاکھ 58 ہزار سے زیادہ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
بھارت ایشیا میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے اور کیسز کی تعداد کے لحاظ سے امریکہ اور برازیل کے بعد دنیا کا تیسرا زیادہ متاثرہ ملک ہے۔
پنجاب: محرم کے دوران شہریوں کے لیے قواعد و ضوابط جاری
پاکستان کے صوبے پنجاب کی حکومت نے محرم الحرام کے دوران شہریوں کے لیے قواعد و ضوابط جاری کر دیے ہیں۔
صوبائی حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کے بارے میں قواعد و ضوابط 45 نکات پر مشتمل ہیں۔ نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں سے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ شرکا مجلس کسی بھی چیز بالخصوص سبیلوں میں استعمال ہونے والے برتن، ٹرالی، دروازوں اور دیگر اشیا کو چھونے کے بعد ہاتھ اچھی طرح دھوئیں۔ دوران ِ مجالس موقع پر ہاتھ دھونے کا انتظام، سینی ٹائزر، ٹشو، کوڑے دان کا ہونا لازم ہے۔
حکام نے اس بات پر زور دیا ہے کہ مجالس، جلوس اور دیگر سرگرمیوں کے دوران شرکا کے پاس ہر وقت سینیٹائزر ہونا لازم ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق مجالس میں بچوں، بزرگ اور مختلف امراض میں مبتلا افراد کی شمولیت ممنوع ہے۔ یومِ عاشورہ کی مناسبت سے منعقدہ مجالس، ریلیوں میں صفائی ستھرائی کے سخت انتظامات کو یقینی بنائیں۔ ہال میں قالین وغیرہ ہرگز نہ بچھائیں، ضرورت کے تحت ڈس انفیکٹ کی گئی پلاسٹک شیٹ کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔
متحدہ عرب امارات میں رات کا کرفیو دوبارہ نافذ کرنے پر غور
متحدہ عرب امارات کے حکام نے کہا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مزید اضافے کی صورت میں رات کا کرفیو دوبارہ نافذ کیا جاسکتا ہے۔
نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان سیف الزہری نے امارات ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ جن علاقوں میں متاثرین کی تعداد زیادہ ہوئی وہاں رات کے وقت دوبارہ کرفیو نافذ کیا جاسکتا ہے۔
متحدہ عرب امارات میں جولائی کے بعد پہلی مرتبہ رواں ہفتے کرونا وائرس کے کیسز 400 سے زائد ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق جمعرات کو کرونا وائرس کے شکار دو مریضں بھی دم توڑ گئے ہیں۔
امارات میں مارچ کے وسط میں رات کا کرفیو نافذ کیا گیا تھا جسے 24 جون کو اٹھا لیا گیا تھا۔
امارات میں کرونا وائرس کے شکار 369 افراد ہلاک اور کیسز کی کل تعداد 65 ہزار سے زیادہ ہے۔
پاکستان میں 24 گھنٹوں میں ٹیسٹس میں صرف 2.2 فی صد افراد میں وائرس کی تشخیص
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کیے گئے بڑی تعداد میں ٹیسٹس میں صرف 2.2 فی صد افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 25 ہزار 500 سے زائد ٹیسٹ کیے گئے۔
گزشتہ روز کیے گئے ٹیسٹس میں صرف 586 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔
پاکستان میں اب تک مجموعی طور پر 24 لاکھ 15ہزار کے قریب ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جب کہ ملک بھر میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 92 ہزار ہے۔ ان میں سے 93 فی صد یعنی دو لاکھ 75 ہزار متاثرہ افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔