پاکستان میں 400 سے زیادہ نئے کیسز رپورٹ
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار مزید 12 مریض دم توڑ گئے ہیں جب کہ 400 سے زیادہ افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
بھارت میں کیسز کی تعداد 32 لاکھ سے تجاوز کر گئی
بھارت میں بدھ کو مسلسل آٹھویں روز کرونا وائرس کے 60 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد کووڈ-19 کے متاثرین کی مجموعی تعداد 32 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
وفاقی وزارتِ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1059 اموات ہوئیں جس کے بعد کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 59 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
کرونا وائرس سے متاثرہ ملکوں کی عالمی فہرست میں بھارت کا تیسرا نمبر ہے۔ امریکہ اور برازیل بدستور پہلے اور دوسرے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہیں۔
فرانس: نومبر میں کرونا وائرس کی دوسری لہر کا خدشہ
فرانس میں ماہِ نومبر میں کرونا وائرس کی دوسری لہر آنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
اس خدشے کا اظہار بدھ کو وبائی امور سے متعلق حکومت کو مشورہ دینے والی سائنسی کونسل کے سربراہ پروفیسر ژان فرانسوئس ڈیلفریسی نے 'فرانس ٹو' ٹیلی ویژن کو انٹرویو کے دوران کیا۔
اُن کے بقول وبائی مرض سے نمٹنے کے لیے مارسیلی شہر میں پابندیاں سخت کی جارہی ہیں۔
شہری حکام نے منگل کو رات گئے ایک بیان میں کہا تھا کہ ریستورانوں اور بارز کو مختصر وقت کے لیے کھولا جائے گا جب کہ 26 اگست سے 30 ستمبر تک تمام افراد کو لازمی طور پر ماسک پہننا ہو گا۔
فرانس دنیا کا ساتواں ملک ہے جہاں کووڈ 19 سے اب تک سب سے زیادہ ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
فرانسیسی وزارتِ صحت نے منگل کو تین ہزار سے زیادہ نئے کیسز کی تصدیق کی اور بتایا ہے کہ اس مرض سے اب تک 30 ہزار 544 اموات ہو چکی ہیں۔
وبا کے پھیلاؤ کا خدشہ: جنوبی کوریا کی پارلیمنٹ بند
جنوبی کوریا میں کرونا وائرس سے متاثرہ 400 سے زائد نئے کیسز سامنے آنے کے بعد پارلیمنٹ کو وائرس کے خدشات کے پیش نظر بند کر دیا گیا ہے۔ اراکینِ پارلیمنٹ بھی قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔
جمعرات کو 441 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے بیشتر کا تعلق دارالحکومت سیول سے ہے۔
جنوبی کوریا میں چھ ماہ بعد کرونا وائرس کے کیسز کی یہ بلند ترین شرح ہے۔
جنوبی کوریا کرونا وائرس پر قابو پانے سے پہلے بدترین صورتِ حال کا سامنا کر چکا ہے۔ گو کہ اسے اب بھی وبا کے خلاف جنگ میں خاصے مسائل کا سامنا ہے تاہم یہ مجموعی طور پر ابتدائی دنوں جیسی صورتِ حال نہیں ہے۔