کیا والدین بچوں کو اسکول بھیجنے کے لیے تیار ہیں؟
پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز میں کمی کے بعد بیشتر دفاتر اور کاروباری مراکز کھل چکے ہیں اور تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھلنے کو تیار ہیں۔ ایس او پیز کے ساتھ اسکول کھولنے کے فیصلے کو والدین کیسے دیکھ رہے ہیں؟
بھارت میں یومیہ کیسز کی تعداد امریکہ سے بھی زیادہ
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے ریکارڈ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد بھارت عالمی وبا کے ایک دن میں رپورٹ کیے جانے والے کیسز کی تعداد میں امریکہ سے بھی آگے نکل گیا ہے۔
جنوبی ایشیائی ملک بھارت میں ہفتے کے روز 78 ہزار 761 نئے کیسز سامنے آئے۔ دنیا بھر میں کرونا وائرس کے ایک دن میں سب سے زیادہ کیسز امریکہ میں 77 ہزار 299 سامنے آئے تھے۔
بھارت میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 35 لاکھ 42 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ جب کہ وبا کے باعث اب تک 63 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
خیال رہے کہ بھارت میں رواں ماہ سات اگست سے کرونا وائرس کے مصدقہ یومیہ کیسز میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
کرونا کے بعد نئی زندگی تو ملی، مگر پہلے جیسی نہیں
کرونا وائرس کا شکار ہونے والے بہت سے لوگوں کی مشکلیں اسے شکست دینے کے بعد بھی ختم نہیں ہوئیں۔ ڈاکٹر یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ یہ وائرس مختلف افراد کو مختلف طریقوں سے کیوں متاثر کرتا ہے۔ ملیے ایک ایسے شخص سے جسے کرونا وائرس کو ہرانے کے بعد ایک نئی زندگی ملی مگر یہ زندگی اب بھی نارمل نہیں۔
جرمنی میں پابندیوں کے خلاف احتجاج، 300 مظاہرین گرفتار
یورپی ملک جرمنی کے دارالحکومت برلن میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نافذ کردہ پابندیوں کے خلاف مظاہروں کے دوران پولیس نے فیس ماسک نہ پہننے اور سماجی فاصلہ نہ رکھنے کے جرم میں 300 مظاہرین کو گرفتار کر لیا ہے۔
خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق ہفتے کے روز ہونے والے مظاہروں میں لگ بھگ 38 ہزار مظاہرین نے شرکت کی۔
مظاہروں کے منتظمین کی طرف سے سوشل میڈیا پر لوگوں سے کرونا وائرس کے سبب عائد کردہ پابندیوں کے خلاف برلن میں احتجاج میں شرکت کی اپیل کی گئی تھی۔
جرمن حکومت نے کرونا وائرس کے پیشِ نظر مظاہروں پر پابندی عائد کی تھی۔ تاہم ایک مقامی عدالت کی طرف سے مظاہرین کو برلن میں احتجاج کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔