ریاستیں کرونا ویکسین کی تقسیم کے لیے تیاری کریں: سی ڈی سی
امریکہ میں صحتِ عامہ سے متعلق امور کے نگران ادارے 'سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول' (سی ڈی سی) نے ملک کی تمام 50 ریاستوں کے حکام سے کہا ہے کہ وہ یکم نومبر سے کرونا وائرس کی ویکسین کی تقسیم شروع کرنے کی تیاری کریں۔
امریکی ذرائع ابلاغ میں بدھ کو آنے والی رپورٹس کے مطابق 'سی ڈی سی' کی جانب سے ریاستوں کو یہ گائیڈ لائنز 27 اگست کو جاری کی گئی تھیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 'سی ڈی سی' کی جانب سے ویکسین کی تقسیم سے متعلق جس تاریخ کا انتخاب کیا گیا ہے اس کے دو روز بعد امریکہ میں صدارتی انتخاب ہونا ہے۔
ریاستوں کے گورنرز کو ارسال کردہ چار صفحات پر مشتمل میمو میں 'سی ڈی سی' نے صحت کے مقامی محکموں اور حکام سے کہا ہے کہ وہ ویکسینیشن شروع کرنے سے متعلق اپنے منصوبوں کا ابتدائی خاکہ یکم اکتوبر تک تیار کرلیں۔
خبر رساں ادارے 'بلوم برگ' کے مطابق 'سی ڈی سی' نے رابطہ کرنے پر مذکورہ میمو پر کوئی ردِ عمل نہیں دیا۔
بھارت میں یومیہ ریکارڈ 83 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ
بھارت میں جمعرات کو کرونا وائرس کے 83 ہزار 883 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ ایک روز کے دوران کیسز کی یہ ریکارڈ تعداد ہے۔
بھارت میں کرونا کیسز کی مجموعی تعداد 38 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ یہ تعداد دنیا میں کرونا وائرس سے دوسرے سب سے زیادہ متاثرہ ملک برازیل سے صرف ایک لاکھ کم ہے۔
بھارت ایشیا کا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں گزشتہ چند روز کے دوران کیسز میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا ہے۔
بھارت کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ وائرس سے 24 گھنٹوں کے دوارن ایک ہزار 43 مریض ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی کُل تعداد 67 ہزار 376 ہو گئی ہے۔
برازیل میں کیسز کی تعداد 40 لاکھ سے تجاوز کر گئی
برازیل میں کووڈ 19 مریضوں کی تعداد 40 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تقریباً 44 ہزار نئے کیسز جب کہ 834 مریض ہلاک ہوئے ہیں۔
کرونا وائرس سے متاثرہ ملکوں کی عالمی فہرست میں برازیل دوسرے نمبر پر ہے۔ وزارتِ صحت کے حکام کا دعویٰ ہے کہ متاثرین کی تعداد میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے۔
برازیل میں کووڈ 19 کا پہلا کیس 26 فروری کو منظر عام پر آیا تھا۔ تب سے اب تک 40 لاکھ سے زیادہ کیسز اور ایک لاکھ 24 ہزار سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں۔
وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں انفیکشن کی تعداد میں قدرے کمی ہوئی ہے، اس سے قبل وبا کے عروج کے دونوں میں متاثرین کی اوسطاً تعداد یومیہ ایک ہزار سے زیادہ ہو گئی تھی۔
پاکستان میں لگ بھگ 500 نئے کیسز رپورٹ
پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار مزید سات مریض دم توڑ گئے ہیں جب کہ 498 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں زیرِ علاج 595 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جب کہ عالمی وبا سے اب تک 6335 مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں کرونا کیسز کی کل تعداد دو لاکھ 97 ہزار سے زیادہ ہے جن میں سے دو لاکھ 82 ہزار سے زیادہ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔