کرونا بحران کے بھارتی معیشت پر برے اثرات
کرونا وائرس نے بھارت کی معیشت پر کاری ضرب لگائی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 21-2020 کی پہلی سہ ماہی میں ملکی معیشت تقریباً 24 فی صد سکڑی ہے۔ اسی لیے کیسز میں اضافے کے باوجود معیشت کو کھولا جا رہا ہے اور لاکھوں لوگوں پر وبائی امراض کے تباہ کن اثرات کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
کرونا وبا میں پاکستان سے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں: چین
چین نے کہا ہے کہ کرونا وبا کے دوران پاکستان کے ساتھ اس کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیجیان نے پیر کو بیجنگ میں معمول کی نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ رواں سال کرونا وائرس کی عالمی وبا کے بعد چین اور پاکستان کے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون بڑھنے سے دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
ان کے بقول چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی قائم ہونے کے بعد اس منصوبے کی رفتار میں تیزی آئی ہے۔
کرونا وائرس کی ویکسین کب دستیاب ہو گی؟
عالمی ادارۂ صحت کے مطابق کرونا وائرس کی چھ سے نو ویکسینز تیاری کے تیسرے مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں۔ لیکن ٹرائلز کی کامیابی کے باوجود ویکسین کو مارکیٹ میں لانے میں وقت لگے گا۔ دنیا بھر میں کرونا ویکسین کی تیاری کی کوششوں کا جائزہ دیکھیے صبا شاہ خان کی اس رپورٹ میں۔
امریکہ میں مزید 434 اموات، مجموعی ہلاکتیں ایک لاکھ 89 ہزار سے متجاوز
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں منگل کو کرونا وائرس سے مزید 434 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 89 ہزار 642 تک پہنچ گئی ہے۔
دوسری جانب منگل کو مزید 26 ہزار افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔
خیال رہے کہ امریکہ وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں اب تک 63 لاکھ 26 ہزار افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔