کرونا کیسز میں اضافہ، پورا ایران ریڈ الرٹ پر ہے: نائب وزیرِ صحت
ایران کے نائب وزیرِ صحت نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے کیسز اور اموات میں اضافے کی وجہ سے پورا ملک ریڈ الرٹ پر ہے۔
ایران مشرقِ وسطیٰ کے ان ملکوں میں سے ہے جو کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ کرونا وائرس کی نشان دہی کے لیے ایران میں مختلف علاقوں کو رنگوں کے حساب سے تقسیم کیا گیا ہے۔
کرونا کیسز اور اموات کے حساب سے علاقوں کو سفید، پیلا یا نارنجی اور سرخ رنگوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ سرخ رنگ زیادہ خطرناک صورتِ حال کی نشان دہی کرتا ہے۔
ایران کے نائب وزیرِ صحت ارج حریرچی نے کہا ہے کہ اب رنگوں کے حساب سے تقسیم کوئی معنی نہیں رکھتی۔ اب ہمارے پاس سفید یا پیلے رنگ کی کوئی تقسیم نہیں۔ پورا ملک سرخ رنگ کے دائرہ کار میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں کرونا کی یہی صورتِ حال برقرار رہی تو اموات کی تعداد 45 ہزار تک پہنچ سکتی ہے۔
ایران کی وزارِت صحت کی ترجمان سیما سادات کے مطابق ملک میں میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا سے 144 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد اموات کی کل تعداد 23 ہزار 952 ہو گئی ہے جب کہ تین ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی کیسز چار لاکھ 16 ہزار سے زائد ہو چکے ہیں۔
سندھ میں تعلیمی ادارے کھولنے کا دوسرا مرحلہ مؤخر
سندھ کی صوبائی حکومت نے کرونا کیسز میں اضافے کے پیشِ نظر تعلیمی ادارے کھولنے کا دوسرا مرحلہ احتیاطی اقدامات کے طور پر مؤخر کر دیا ہے۔ دوسرے مرحلے میں چھٹی سے آٹھویں کلاسز کے لیے اسکول 23 ستمبر سے کھلنا تھے۔
صوبائی وزیرِ تعلیم سعید غنی نے جمعے کو کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کی بندش سے بچوں کی تعلیم اور اسکول انڈسٹری کو ہونے والے نقصانات کا انہیں پورا ادراک ہے۔ لیکن وہ اس نقصان سے بچانے کے لیے بچوں کی صحت داؤ پر نہیں لگا سکتے۔
سعید غنی نے کہا کہ چھٹی سے آٹھویں جماعتوں کے لیے اسکول کھولنے کا فیصلہ 28 ستمبر تک مؤخر کر رہے ہیں۔ اگر آئندہ آٹھ، دس روز میں صورتِ حال میں بہتری آئی تو اسکول کھل جائیں گے، بصورتِ دیگر صورتِ حال کا جائزہ لے کر کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔
اسکول کھولنے کے ٹائم ٹیبل میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی: شفقت محمود
سندھ حکومت کی جانب سے اسکول کھولنے کا دوسرا مرحلہ مؤخر کرنے کے اعلان پر پاکستان کے وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کا ردعمل آ گیا ہے۔
شفقت محمود نے اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ اسکول کھولنے کا جو ٹائم ٹیبل پہلے جاری ہو چکا ہے اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
وفاقی وزیرِ تعلیم کے مطابق 'نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر' (این سی او سی) کی 22 ستمبر کو ہونے والی میٹنگ میں صورتِ حال کا دوبارہ جائزہ لے کر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ لیکن اگر کرونا وائرس کی موجودہ صورتِ حال برقرار رہتی ہے تو اسکول کھولنے کا دوسرا مرحلہ مؤخر کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔
پاکستان میں یومیہ کیسز میں ایک بار پھر اضافہ ہونے لگا
پاکستان میں کرونا وائرس کے متاثر افراد کی یومیہ تعداد میں ایک بار پھر اضافہ ہونے لگا ہے۔
سرکاری طور پر جاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس سے 645 افراد متاثر ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 5 ہزار ست تجاوز کر گئی ہے۔
متاثرہ افراد میں سے 95 فی صد یعنی 2 لاکھ 92 ہزار صحت یاب ہو چکے ہیں۔
گزشتہ ماہ کے آخر میں ملک بھر میں وبا سے متاثر افراد کی یومیہ تعداد میں کمی آنا شروع ہو گئی تھی البتہ رواں ہفتے یومیہ تعداد میں ایک بار پھر اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔