سندھ میں تعلیمی ادارے کھولنے کا دوسرا مرحلہ مؤخر
سندھ کی صوبائی حکومت نے کرونا کیسز میں اضافے کے پیشِ نظر تعلیمی ادارے کھولنے کا دوسرا مرحلہ احتیاطی اقدامات کے طور پر مؤخر کر دیا ہے۔ دوسرے مرحلے میں چھٹی سے آٹھویں کلاسز کے لیے اسکول 23 ستمبر سے کھلنا تھے۔
صوبائی وزیرِ تعلیم سعید غنی نے جمعے کو کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کی بندش سے بچوں کی تعلیم اور اسکول انڈسٹری کو ہونے والے نقصانات کا انہیں پورا ادراک ہے۔ لیکن وہ اس نقصان سے بچانے کے لیے بچوں کی صحت داؤ پر نہیں لگا سکتے۔
سعید غنی نے کہا کہ چھٹی سے آٹھویں جماعتوں کے لیے اسکول کھولنے کا فیصلہ 28 ستمبر تک مؤخر کر رہے ہیں۔ اگر آئندہ آٹھ، دس روز میں صورتِ حال میں بہتری آئی تو اسکول کھل جائیں گے، بصورتِ دیگر صورتِ حال کا جائزہ لے کر کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔
اسکول کھولنے کے ٹائم ٹیبل میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی: شفقت محمود
سندھ حکومت کی جانب سے اسکول کھولنے کا دوسرا مرحلہ مؤخر کرنے کے اعلان پر پاکستان کے وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کا ردعمل آ گیا ہے۔
شفقت محمود نے اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ اسکول کھولنے کا جو ٹائم ٹیبل پہلے جاری ہو چکا ہے اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
وفاقی وزیرِ تعلیم کے مطابق 'نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر' (این سی او سی) کی 22 ستمبر کو ہونے والی میٹنگ میں صورتِ حال کا دوبارہ جائزہ لے کر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ لیکن اگر کرونا وائرس کی موجودہ صورتِ حال برقرار رہتی ہے تو اسکول کھولنے کا دوسرا مرحلہ مؤخر کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔
پاکستان میں یومیہ کیسز میں ایک بار پھر اضافہ ہونے لگا
پاکستان میں کرونا وائرس کے متاثر افراد کی یومیہ تعداد میں ایک بار پھر اضافہ ہونے لگا ہے۔
سرکاری طور پر جاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس سے 645 افراد متاثر ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 5 ہزار ست تجاوز کر گئی ہے۔
متاثرہ افراد میں سے 95 فی صد یعنی 2 لاکھ 92 ہزار صحت یاب ہو چکے ہیں۔
گزشتہ ماہ کے آخر میں ملک بھر میں وبا سے متاثر افراد کی یومیہ تعداد میں کمی آنا شروع ہو گئی تھی البتہ رواں ہفتے یومیہ تعداد میں ایک بار پھر اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
پنجاب بھر میں تین دن میں 34 طلبہ وائرس سے متاثر
پنجاب کے پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے ترجمان نے کہا ہے کہ صوبے میں گزشتہ تین روز کے دوران 34 بچے وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق گوجرانوالہ میں 24 طلبہ جب کہ ننکانہ صاحب میں 7 بچوں کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔
ننکانہ صاحب میں گورنمنٹ گرلز ہائر سکینڈری اسکول شاہ کوٹ اور گریژن اسکول ننکانہ صاحب کو بند کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اب تک 14746 سرکاری، 1566 پرائیویٹ اسکولوں کے بچوں کے نمونے لیے جا چکے ہیں۔ 13796 نمونے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ جس کے بعد 34 بچوں کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دو سے زائد بچوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہونے پر اسکول کو 5 دن کے لیے بند کر دیا جائے گا۔