نیوزی لینڈ میں وبا پر بڑی حد تک قابو پا لیا گیا: وزیرِ اعظم جیسنڈا آرڈرن
نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم جیسنڈا آرڑرن نے کہا ہے کہ ملک کووڈ 19 کے خاتمے کی جانب گامزن ہے اور اس وبا پر بڑی حد تک کنٹرول کر لیا گیا ہے۔
وزیراعظم جیسنڈا نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ آکلینڈ کے سوا ملک بھر میں وائرس سے خبردار کرنے والے الرٹ سسٹم کی سطح ملک بھر میں ایک درجہ کم کر دی جائے گی۔
وزیرِ اعظم نے کرونا کے خلاف عائد پابندیوں میں بھی نرمی کا اعلان کیا ہے جس کے بعد بڑے اجتماعات کا انعقاد بھی ممکن ہو سکے گا اور 11 اکتوبر کو ویلنگٹن میں ہونے والا رکبی کپ طے شدہ شیڈول کے مطابق کرونا احتیاط کے بغیر ہو گا۔
پاکستان میں 600 سے زیادہ افراد میں وائرس کی تشخیص
بھارت: تاج محل چھ ماہ بعد سیاحوں کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا
بھارت میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی غرض سے بند کیے گئے مغلیہ دور کے شاہکار تاج محل کو سیاحوں کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
بھارت میں مارچ میں اعلان کردہ سخت لاک ڈاؤن کے باعث تاج محل بھی ویران ہو گیا تھا اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں سمیت کسی کو بھی تاج محل کی سیر کرنے کی اجازت نہیں تھی۔ تاہم پابندیوں میں نرمی کے اعلان کے ساتھ ہی پیر سے تاج محل کی رونقیں دوبارہ بحال ہونے لگی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایک دن میں صرف پانچ ہزار افراد کو سماجی دوری سے متعلق قواعد پر سختی سے عمل کرتے ہوئے تاج محل کے دورے کی اجازت دی جائے گی جب کہ ٹکٹس بھی صرف آن لائن خریدے جاسکیں گے۔
تاج محل ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے بھارت کا مشہور سیاحتی مقام ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق سالانہ 70 لاکھ سیاح تاج محل کی سیر کرتے ہیں۔