پاکستان میں انسدادِ پولیو مہم کو درپیش مشکلات
پاکستان میں 1994 سے جاری انسدادِ پولیو کی کوششوں کے باوجود جہاں مزید کیسز سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے، وہیں پولیو کے قطرے پلانے والے رضاکاروں کے لیے چیلنجز بھی بڑھ رہے ہیں۔ کرونا وائرس کی جاری وبا نے ان ورکرز کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔ مزید جانیے نذر الاسلام کی اس رپورٹ میں
فلمی سرگرمیوں کی مکمل بحالی کے لیے ہالی وڈ یونینز اور فلم اسٹوڈیوز میں معاہدہ
کرونا وائرس کے سبب ہالی وڈ انڈسٹری کو بڑے پیمانے پر نقصانات اور مشکلات کا سامنا ہے۔ فلمی سرگرمیاں اب تک مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکیں۔ پروڈکشن تاحال معطل ہے اور تیار شدہ فلموں کی ریلیز بھی التوا کا شکار ہے۔
اس صورتِ حال میں ایک خوش کُن خبر یہ ہے کہ ہالی وڈ کی سرِ فہرست تمام بڑی یونینز اور فلم اسٹوڈیوز کے مابین کرونا وائرس سے متعلق حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد کے لیے معاہدہ طے پا گیا ہے۔
اس اقدام سے نہ صرف یونینز کی دوبارہ کام پر واپسی کا امکان ہے بلکہ پروڈکشن بھی شروع ہو سکے گی۔
ہالی وڈ یونینز اور اسٹوڈیوز کے درمیان کئی ماہ سے کرونا وائرس ٹیسٹ، اس سے متعلق آلات اور دیگر ساز و سامان کی فراہمی اور تنخواہوں سے متعلق معاملات تعطل کا شکار تھے تاہم امید کی جا رہی ہے کہ اس معاہدے کے بعد یہ تعطل دور ہو جائے گا۔
اسرائیل: کرونا وائرس کے باعث دوبارہ لاک ڈاؤن
اسرائیل میں کرونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث ملک بھر میں تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ہے۔ لاک ڈاؤن سے قبل اسرائیل میں کیسز کی یومیہ تعداد تقریباً پانچ ہزار تک پہنچ گئی تھی۔ ملک بھر میں پھیلنے والے وائرس سے سب سے زیادہ انتہائی قدامت پسند فرقوں کے یہودی اور عرب اسرائیلی متاثر ہوئے ہیں۔
سعودی عرب کا 4 اکتوبر سے عمرے کی مرحلہ وار بحالی کا اعلان
سعودی عرب نے چار اکتوبر سے عمرہ پر عائد پابندی مرحلہ وار ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی حکومت نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث مارچ میں عمرہ پر پابندی عائد کی تھی تاہم حکام نے لگ بھگ چھ ماہ بعد منگل کو عمرہ کی ادائیگی کی مرحلہ وار اجازت دی ہے۔
سعودی وزارتِ داخلہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں چھ ہزار معتمرین کو عمرہ کی ادائیگی کی اجازت دی جا رہی ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) میں شائع ہونے والے وزارتِ داخلہ کے بیان کے مطابق چار اکتوبر سے سعودی عرب کے شہری اور وہیں مقیم افراد کو عمرہ کی اجازت ہو گی جب کہ دوسرے مرحلے میں یکم نومبر سے غیر ملکی افراد عمرہ ادا کر سکیں گے۔