بیس ہزار کے قریب ملازمین کو کرونا ہو چکا ہے: ایمیزون
دنیا میں آن لائن خرید و فروخت کی سب سے بڑی کمپنیوں میں سرِ فہرست ایمیزون نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے اب تک اس کے 19 ہزار 800 سے زائد ملازمین کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ چکا ہے۔
امریکی کمپنی ایمیزون نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کے 13 لاکھ 70 ہزار فرنٹ لائن ملازمین عالمی وبا کا شکار ہوئے ہیں جن میں گروسری اسٹور 'ہول فوڈز مارکیٹ' کے ملازمین بھی شامل ہیں۔
ایمیزون کے بقول اس کے ملازمین میں بیماری کا تناسب اندازوں سے کم رہا ہے۔
کمپنی نے یہ اعداد و شمار ایسے موقع میں ظاہر کیے ہیں جب کمپنی کے لاجسٹکس سینٹرز کے بعض ملازمین نے کمپنی کی جانب سے وبا سے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات اور کمپنی کی جانب سے اعداد و شمار ظاہر کرنے میں پس و پیش پر تنقید کی تھی۔
ایمیزون کے مطابق کمپنی نے اپنی 650 سائٹس پر کرونا ٹیسٹ کی تعداد بڑھا کر یومیہ 50 ہزار کر دی ہے۔
پاکستان میں نو ہزار کے قریب افراد اب بھی زیرِ علاج، 511 کی حالت تشویشناک
پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد تین لاکھ 14 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 553 افراد کے وبا سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید آٹھ افراد کرونا وائرس سے ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد وبا سے اموات کی مجموعی تعداد 6507 ہو گئی ہے۔
حکام کے مطابق پاکستان میں وبا سے متاثرہ دو لاکھ 98 ہزار 593 افراد صحت ہو چکے ہیں۔
ملک بھر میں اب صرف 8884 افراد زیر علاج ہیں۔ حکام کے مطابق متاثرہ افراد میں سے 511 افراد انتہائی نگہداشت میں ہیں۔
کرونا وائرس سے ہونے والی اموات میں کمی کا رجحان
دنیا بھر میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 10 لاکھ کا ہندسہ عبور کر چکی ہے۔ مگر ایک تسلی بخش بات یہ ہے کہ اب عالمی سطح پر اموات کی شرح میں کچھ کمی دیکھی جا رہی ہے۔ طبی عملے کو کرونا وائرس سے بیمار ہونے والوں کی حالت بگڑنے سے بچانے میں بھی کامیابی مل رہی ہے۔ اس بارے میں دیکھتے ہیں یہ رپورٹ۔
بھارت میں اموات ایک لاکھ سے متجاوز
بھارت میں کرونا وائرس کے سبب ہونے والی اموات کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
بھارت میں یومیہ رپورٹ کیے جانے والے کیسز کی تعداد بھی دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے۔
وزارت صحتِ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں اس مہلک وبا سے اب تک ایک لاکھ 842 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 79 ہزار 476 افراد کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ جس کے بعد اس وبا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 64 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
خیال رہے کہ بھارت دنیا بھر میں اس وبا سے متاثر ہونے والے ممالک میں امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ جب کہ دنیا بھر سے مجموعی طور پر رپورٹ کیے جانے والے کیسز میں سے 45 فی صد کیسز امریکہ، بھارت اور برازیل سے رپورٹ ہوئے ہیں۔