پاکستان میں صحت یاب مریضوں کی تعداد تین لاکھ سے متجاوز
پاکستان میں کرونا وائرس سے شفا یاب ہونے والے افراد کی تعداد تین لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا کے شکار مزید 780 مریض صحت یاب ہو گئے ہیں جس کے بعد شفایاب افراد کی کُل تعداد تین لاکھ 616 ہو گئی ہے۔
پاکستان میں مجموعی طور پر عالمی وبا کے تین لاکھ 15 ہزار 727 کیسز اور 6523 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔
حکام کے مطابق ملک میں ایکٹو کیسز کی تعداد 15 ہزار 111 ہے جن میں سے 516 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
امریکی فوج کی اعلیٰ قیادت نے خود کو قرنطینہ کر لیا
امریکہ کی فوج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک ملے سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے کرونا وائرس کی احتیاط کے پیشِ نظر خود کو قرنطینہ کر لیا ہے جب کہ وائٹ ہاؤس کے سینئر مشیر اسٹیفن ملر کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
پینٹاگون کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ جنرل مارک ملے وائس چیئرمین جنرل جان ہیٹن اور دیگر اعلیٰ فوجی افسران نے گزشتہ ہفتے کوسٹ گارڈ کے وائس کمانڈنٹ ایڈمرل چارلس رے کے ساتھ ایک اجلاس میں شرکت کی تھی جن کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
پینٹاگون کے حکام کے مطابق اعلیٰ فوجی افسران کی یہ ملاقات گزشتہ ہفتے ایک محفوظ ٹینک میں ہوئی تھی جس کے بعد افسران کا کرونا ٹیسٹ کیا گیا جس میں وبا کے کوئی آثار نہیں پائے گئے۔
پینٹاگون کے ترجمان جوناتھن ہوفمین نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ احتیاطی تدابیر کے پیشِ نظر اجلاس میں شریک تمام افسران نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے اور کسی افسر میں کرونا کی علامات نہیں پائی گئیں۔
فرانس: اسپتالوں میں 40 فی صد آئی سی یو بستر بھر گئے
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے مریضوں کے سبب انتہائی نگہداشت یونٹس میں موجود 40 فی صد بستر کووڈ-19 مریضوں سے بھر گئے ہیں۔
فرانس میں انتہائی نگہداشت کے ضرورت مند مریضوں کی تعداد 11 سے بڑھ کر ایک ہزار 426 اور اسپتال میں داخل ہونے والے مریضوں کی تعداد 104 سے بڑھ کر سات ہزار 397 ہو گئی ہے۔
فرانس میں منگل کو کرونا وائرس کے 10 ہزار 489 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق یہ تعداد فرانس میں ہر روز سامنے آنے والے نئے کیسز کی اوسطاً تعداد سے زیادہ ہے۔
صدر ٹرمپ کی بیماری اور صدارتی انتخابات