کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ماسک والی شرٹیں
اگر آپ ماسک لگانا یا کہیں باہر جاتے ہوئے ماسک ساتھ رکھنا بھول جاتے ہیں تو ہماری یہ رپورٹ آپ کے لیے ہے۔ جنوبی افریقہ کے ایک ٹیٹو آرٹسٹ نے کپڑوں کے ڈیزائنرز کے ساتھ مل کر ایک ایسی شرٹ بنائی ہے جس میں ماسک شرٹ کے ساتھ ہی سلا ہوا ہے۔ کیا یہ شرٹ کرونا وائرس سے بچاؤ میں بھی مؤثر ہے؟ جانیے اس رپورٹ میں
بھارت میں متاثرہ افراد کی تعداد 70 لاکھ سے تجاوز
امریکہ کے بعد کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک بھارت میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 70 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
حکام نے وبا سے اب تک ایک لاکھ 7 ہزار 416 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔
وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران مزید 73 ہزار سے زائد افراد کے وائرس سے متاثرہ ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جمعے کو بھارت میں وبا کے سبب 926 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
بھارت میں گزشتہ ماہ کے یومیہ 90ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہر رہے تھے۔ تاہم رواں ماہ یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد میں قدرے کمی آئی ہے۔
ماہرینِ صحت نے خبردار کیا ہے کہ رواں ماہ ہونے والے مذہبی اجتماعات کے باعث کرونا وائرس کے کیسز میں دوبارہ اضافہ ہو سکتا ہے۔
چین میں چھٹیوں سے واپسی، کرونا سے بچنے کی احتیاطی تدابیر پر عمل
چین کے دارالحکومت بیجنگ کا ریلوے اسٹیشن ان دنوں معمول سے زیادہ مصروف ہے کیوں کہ مختلف علاقوں سے لوگ 'نیشنل ہولی ڈے' منانے کے بعد واپس اپنے کاموں پر لوٹ رہے ہیں۔
چین میں اکتوبر کا پہلا ہفتہ قومی چھٹیوں کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس دوران شہروں میں کام کرنے والے اپنے آبائی علاقوں میں عزیزوں سے ملنے جاتے ہیں اور کچھ اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ سیاحت پر نکل جاتے ہیں۔ اس ہفتے کو 'گولڈن ویک' بھی کہا جاتا ہے۔
واپس آنے والے افراد ہوائی اڈوں، ریلوے اسٹیشنز اور بس اڈوں پر کرونا وائرس سے بچنے کی احتیاطی تدابیر پر عمل کر رہے ہیں۔ بیشتر مقامات پر سرکاری حکام بھی لوگوں کو بد احتیاطی سے روکنے کے لیے موجود ہیں۔
فرانس میں ریکارڈ یومیہ کیسز رپورٹ
یورپ کے ملک فرانس میں کرونا وبا پھوٹنے کے بعد پہلی بار جمعے کو 20 ہزار سے زائد یومیہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
وزارتِ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق فرانس میں اب تک 6 لاکھ 91 سے زائد افراد وبا سے متاثر ہو چکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 109 افراد کرونا وائرس کے باعث ہلاک ہوئے۔
فرانس میں وبا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 32 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔