رضاکار بیمار ہونے پر 'جانسن اینڈ جانسن' نے کرونا ویکسین ٹرائلز روک دیے
دوا ساز کمپنی 'جانسن اینڈ جانسن' نے اعلان کیا ہے کہ کرونا ویکسین کے آزمائشی مرحلے میں شریک ایک رضا کار کے بیمار ہونے پر فوری طور پر ٹرائلز روک دیے گئے ہیں۔
پیر کو کمپنی کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس نے کرونا وائرس ویکسین کی تیاری پر عارضی طور پر کام روک دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق اس کی وجہ ٹرائلز کے دوران ایک رضا کار میں نامعلوم بیماری کا انکشاف ہونا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس رضا کار کی بیماری کا معائنہ ایک غیر جانبدار ڈیٹا اینڈ سیفٹی بورڈ کر رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اسے کمپنی کے معالجین بھی اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔
کمپنی کے مطابق کسی بھی ویکسین کی تیاری کے عمل جہاں ہزاروں افراد پر ٹرائلز کیے جا رہے ہوں وہاں ایسے واقعات معمول کا حصہ ہیں۔
کمپنی نے یہ وضاحت بھی کی ہے کہ اسے ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے نہیں روکا گیا بلکہ اس نے خود ٹرائلز کے عمل کو عارضی طور پر روکا ہے۔
جانسن اینڈ جانسن کی جانب سے ٹرائلز عارضی طور پر روکنے کا واقعہ ایسے وقت میں آیا ہے جب گزشتہ ماہ دوا ساز کمپنی ایسٹرازینکا اور آکسفورڈ یونیورسٹی کے اشتراک سے ویکسین کی آزمائش ایک رضا کار میں منفی ردعمل کے بعد روک دی گئی تھی۔
کرونا بحران: 'پاکستان میں سب ہی ذہنی دباؤ کا شکار ہیں'
ذہنی صحت کے عالمی دن پر دنیا بھر میں پہلی بار چوبیس گھنٹوں کے لیے 'اسپیک یور مائنڈ' کے عنوان سے ورچوئل مارچ ہوا جس میں پاکستان کی نمائندگی کراچی کے ایک ادارے 'تسکین' نے کی۔ مارچ کی اہمیت اور پاکستان میں ذہنی صحت سے متعلق 'تسکین' سے منسلک ڈاکٹر طحٰہ صابری سے وی او اے کی نیلوفر مغل کی گفتگو۔
کرسٹیانو رونالڈو کرونا وائرس کا شکار
فٹ بال کے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو بھی کرونا وائرس سے محفوظ نہ رہ سکے اور ان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔
پرتگال کی ساکر فیڈریشن نے بتایا ہے کہ کرسٹیانو رونالڈو کا کرونا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے۔ تاہم فیڈریشن کے مطابق رونالڈو میں کوئی ظاہری علامات نہیں ہیں۔ رونالڈو کا کرونا ٹیسٹ کب پازیٹو آیا، اس بارے میں بھی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
کرسٹیانو رونالڈو نے اتوار کو فرانس میں نیشل لیگ کے میچ میں حصہ لیا تھا جو صفر-صفر سے برابر رہا۔ انہوں نے گزشتہ ہفتے اسپین کے خلاف بھی ایک دوستانہ میچ کھیلا تھا۔
دنیا بھر میں وبا سے 3 کروڑ 81 لاکھ 41 ہزار افراد متاثر
دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد تین کروڑ 81 لاکھ 41 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
امریکہ کی یونیورسٹی جان ہاپکنز کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کرونا سے سب سے زیادہ امریکہ میں 78 لاکھ 58 ہزار افراد وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔ امریکہ کے بعد وبا سے سب سے زیادہ افراد بھارت میں متاثر ہوئے ہیں۔
بھارت میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 72 لاکھ 39 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔
ماہرینِ طب خدشہ ظاہر کر رہے ہیں کہ اگر بھارت میں وبا سے لوگوں کا تیزی سے متاثر ہونے کا سلسلہ جاری رہا تو بھارت میں متاثرہ افراد کی تعداد امریکہ سے زائد ہو سکتی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں تیسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک برازیل ہے جہاں 51 لاکھ 13 ہزار افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تشخیص ہو چکی ہے۔