بھارت میں تقریباً سات ماہ سے بند سنیما کھل گئے
بھارت میں کرونا وائرس کی وجہ سے گزشتہ سات ماہ سے بند سنیما ہال جمعرات سے کھلنا شروع ہو گئے ہیں۔ البتہ احتیاطی تدابیر کے پیشِ نظر سنیما میں گنجائش سے نصف افراد کو داخلے کی اجازت ہے۔
بھارت میں سنیما ایسے وقت میں کھل رہے ہیں جب ملک میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 73 لاکھ کا ہندسہ عبور کر چکی ہے اور اس تعداد میں روزانہ ہزاروں مریضوں کا اضافہ ہو رہا ہے۔
بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد امریکہ کے کیسز کی مجموعی تعداد کے قریب پہنچ رہی ہے۔ ماہرین صحت خدشہ ظاہر کر رہے ہیں کہ اگر اسی رفتار سے مریضوں کی تعداد بڑھتی رہی تو بھارت اگلے کچھ دنوں میں دنیا کا سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک بن جائے گا۔
بھارت میں تقریباً 10 ہزار سنیما ہال اور تھیٹر رواں سال مارچ میں بند کیے گئے تھے جو اب 15 اکتوبر سے کھل گئے ہیں۔ لیکن حکام نے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
کرونا پھیلنے کا خطرہ کم کرنے کے لیے لوگوں کے درمیان فاصلہ برقرار رکھنا لازم ہوگا اور سنیما میں گنجائش سے نصف افراد کو داخلے کی اجازت ہو گی۔ اس کے علاوہ ماسک لگانے اور سنیما میں داخلے کے وقت جسمانی درجۂ حرارت چیک کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
فرانس میں کرونا کی دوسری لہر، پیرس سمیت نو شہروں میں رات کا کرفیو
فرانس میں کرونا وائرس کی دوسری لہر آنے کے بعد دارالحکومت پیرس سمیت نو شہروں میں رات کا کرفیو عائد کرنے کا اعلان ہو گیا ہے۔ کرفیو کی یہ پابندیاں ہفتے سے نافذ العمل ہوں گی۔
فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکخواں نے بدھ کو ٹی وی پر نشر ہونے والے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہمیں اقدامات کرنے ہوں گے اور کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا ہوگا۔
انہوں نے پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پیرس اور دیگر آٹھ شہروں میں رات نو بجے سے صبح چھ بجے تک شٹ ڈاؤن رہے گا اور یہ پابندیاں آئندہ چھ ہفتوں تک نافذ رہیں گی۔
اٹلی میں کرونا وائرس کے ریکارڈ یومیہ کیسز رپورٹ
اٹلی میں کرونا وائرس کی دوسری لہر اپنا زور دکھا رہی ہے۔ اٹلی میں بدھ کو سات ہزار 300 سے زائد ریکارڈ کیسز سامنے آئے ہیں۔ اٹلی میں وبا کے آغاز سے اب تک ایک روز کے دوران سامنے آنے والے کیسز کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔
اٹلی میں بھی کرونا وائرس کی دوسری لہر کو روکنے کے لیے مختلف پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
اٹلی میں عالمی وبا کے آغاز سے لے کر اب تک تین لاکھ 72 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جب کہ 36 ہزار سے زائد ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔
امریکہ: کیا اسکول کھلنے سے کرونا پھیلنے کا خطرہ ہے؟
امریکہ میں کرونا وائرس کے باعث گزشتہ چھ ماہ سے بند اسکول اب کھلنا شروع ہوگئے ہیں۔ ڈاکٹر والدین پر زور دے رہے ہیں کہ وہ بچوں میں کرونا کی علامات پر نظر رکھیں اور ساتھ ہی ماہرین بھی تحقیق میں مصروف ہیں کہ بچے اس وائرس سے کیسے متاثر ہوتے ہیں اور اسے کیسے دوسروں تک لے جاتے ہیں؟ مزید دیکھیے اس رپورٹ میں۔