'جمعے کو دنیا بھر میں کرونا کے چار لاکھ کیس رپورٹ ہوئے'
یورپی ممالک میں کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے سبب وبا پھوٹنے کے بعد پہلی بار جمعے کو دنیا بھر میں چار لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔
یورپ میں کرونا وائرس کی پہلی لہر پر کامیابی سے قابو پانے کے بعد دوسری لہر میں پچھلے ہفتے اوسطً یومیہ ایک لاکھ 40 ہزار کیس سامنے آئے۔
خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مرتب کردہ اعدادوشمار کے مطابق یورپ سے اس وبا کے رپورٹ کیے جانے والے کیسوں کی تعداد، بھارت، برازیل اور امریکہ سے رپورٹ ہونے والے مجموعی کیسوں سے زیادہ ہے۔
خیال رہے کہ یورپ میں وبا پھوٹنے کے بعد سے اب تک 63 لاکھ سے زائد افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے۔
جن ممالک میں کرونا وائرس کے کیس رپورٹ کیے جا رہے ہیں۔ ان میں برطانیہ، فرانس، اسپین اور ہالینڈ سرِفہرست ہیں۔
آسٹریلیا: میلبورن میں کیسوں میں کمی کے بعد پابندیاں نرم کرنے کا فیصلہ
آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریا کے شہر میلبورن میں کرونا وائرس کے رپورٹ ہونے والے کیسز میں کمی کے بعد لاک ڈاؤن میں نرمی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ریاست وکٹوریا میں اتوار کو صرف دو افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی جب کہ کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔
امریکی خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق اتوار کی رات سے لوگوں کو گھروں سے باہر وقت گزارنے پر پابندی نہیں ہو گی۔
اس سے پہلے میلبورم کے لوگ اپنے گھروں سے صرف پانچ کلومیٹر دور تک جاسکتے تھے جب کہ اب لوگ اپنے گھروں سے 25 کلومیٹر دور تک جا سکیں گے۔
اٹلی میں کرونا کیسز کا نیا ریکارڈ
اٹلی کے وزیرِ اعظم جوسیپی کونٹے نے کرونا وائرس کی دوسری لہر کو روکنے کے لیے اتوار کو مزید اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے اجتماعات روکنے کے لیے میئرز کو عوامی مقامات رات نو بجے تک بند کرانے کے اختیارات دے دیے ہیں۔
اٹلی میں اتوار کو کرونا وائرس کے یومیہ کیسز کا نیا ریکارڈ بنا ہے جب ایک ہی دن میں 11 ہزار 700 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ وزیرِ اعظم کونٹے نے کہا ہے کہ صورتِ حال بہت تشویش ناک ہے لیکن ان کی حکومت دوبارہ سخت لاک ڈاؤن سے بچنے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صورتِ حال تشویش ناک ہے۔ حکومت اقدامات کر رہی ہے لیکن وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ہر شخص کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
اٹلی میں کرونا وائرس کی دوسری لہر کے پیشِ نظر عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازم ہے جب کہ عوامی اجتماعات پر پابندی ہے۔ اس کے علاوہ ریستورانوں اور دیگر فوڈ اسٹالز کو رات دیر تک کاروبار کھلا رکھنے کی اجازت ہے لیکن شام چھ بجے کے بعد ریستوران میں بیٹھ کر صرف وہی افراد کھانا کھا سکتے ہیں جو پہلے سے اندر موجود ہوں۔
اٹلی کے کچھ علاقوں میں پابندیاں مزید سخت کرتے ہوئے اسکول بھی دو ہفتوں کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔
وزیرِ اعظم کونٹے نے کہا کہ حکومت جمنازیم اور سوئمنگ پولز بند کرنے پر بھی غور کر رہی ہے۔
پاکستان میں 433 نئے مریض، ایکٹو کیسز 9 ہزار 300 سے زائد
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 433 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد کرونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد تین لاکھ 23 ہزار 452 ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں تین لاکھ سات ہزار مریض صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ ایکٹو کیسز کی تعداد 9384 ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے پانچ اموات بھی ہوئی ہیں جس کے بعد کرونا سے اموات کی تعداد چھ ہزار 659 ہو گئی ہے۔